جرنلسٹ چھترپتی قتل کیس : گرمیت رام رحیم قصور وار قرار ، سزا کا اعلان 17 جنوری کو

12:08PM Fri 11 Jan, 2019

جرنلسٹ چھترپتی قتل کیس میں گرمیت رام رحیم کو قصوروار قرار دیا گیا ہے۔ عدالت نے اہم ملزم ڈیرہ سربراہ گرمیت رام رحیم سمیت چاروں ملزموں کو قصوروار قرار دیا ہے ۔ پنچ کولہ کی سی بی آئی عدالت چاروں ملزمین کو 17 جنوری کے دن سزا سنائے گی ۔ ڈیرہ سچا سودہ سربراہ گرمیت رام رحیم پر کشن لال ، نرمل اور کلدیپ کے ساتھ مل کر سازش رچ کر سرسا کے جرنلسٹ رام چندر چھترپتی کا قتل کرنے کا الزام ثابت ہوگیا ہے ۔ بائیک پر آئے کلدیپ نے گولی مار کر چھترپتی کا قتل کردیا تھا اور اس کے ساتھ نرمل بھی تھا ۔ چھترپتی نے اپنے ایویننگ نیوز پیپر پورا سچ میں اس سلسلہ میں سادھوی کا خط شائع کیا تھا ۔ اسی سے پورے معاملہ کا انکشاف ہوا تھا۔
 اس معاملہ میں 2003 میں ایف آئی آر درج ہوئی تھی اور 2006 میں معاملہ سی بی آئی کے سپرد کیا گیا تھا ۔ سادھویوں کی آبروریزی کے معاملہ میں گرمیت رام رحیم سناریا جیل میں 20 سال قید کی سزا کاٹ رہا ہے۔ گرمیت رام رحیم ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ عدالت میں پیش ہوا ۔