بی جے پی کی سازش عام ہوگئی ہے:دنیش گنڈو راؤ
01:58PM Sat 19 Jan, 2019
بنگلورو۔18جنوری ( سالار نیوز)کے پی سی سی کے صدر دنیش گنڈو راؤ نے طنز کیا ہے کہ ریاست میں 156تعلقہ جات قحط سالی سے متاثر ہیں ۔ ایسی صورتحال میں بی جے پی کے اراکین اسمبلی ہریانہ کے ایک پانچ ستارہ ہوٹل میں عیش کررہے ہیں ۔ شہر کے کمار کروپا گیسٹ ہاؤز میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سنکرانتی گذرنے کے باوجود بی جے پی کے اراکین اسمبلی نے اپنے حلقوں کا رخ نہیں کیا ۔قحط کے موقع پرحلقے کے رکن اسمبلی کہاں ہیں؟یہ پوچھنے کی نوبت آگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مخلوط حکومت کو پانچ سالوں تک کوئی مشکل نہیں ہے۔ حکومت کو غیر مستحکم کرنے بی جے پی کے لیڈر انتھک کوشش کررہے ہیں۔ اس لئے اپنے اراکین اسمبلی کو ہریانہ میں قیدکر رکھا ہے ۔ انہوں نے طنز کیا کہ مزید دو تین دن انہیں عیش کرنے دیجئے ۔ سابق وزیر رمیش جارکی ہولی سمیت تمام اراکین اسمبلی ہمارے رابطے میں ہیں۔ ہماری حکومت گر نہیں سکتی۔ ان کی سازش اب عام ہوگئی ہے ۔ آئندہ دنوں میںیہ معلوم ہوگا کہ کیسی سیاسی تبدیلیاں ہوگی۔