اسدالدین اویسی کا یوگی آدتیہ ناتھ کو دوٹوک جواب، کوئی بھی ہمیں ملک سے بھگا نہیں سکتا

02:15PM Mon 3 Dec, 2018

آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اسدالدین اویسی نے یوپی کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے بیان پر جوابی حملہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی انہیں ملک چھوڑنے پر مجبور نہیں کرسکتا۔ گزشتہ دنوں یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا تھا کہ اگر بی جے پی اقتدار میں آئی تو اویسی کو حیدرآباد چھوڑ کر بھاگنا پڑے گا۔ ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اسد الدین اویسی نے کہا، 'یوپی کے وزیر اعلی کہہ رہے ہیں کہ اگر تلنگانہ میں بی جے پی کی حکومت بنے گی تو اویسی کو بھگا دیں گے، جس طرح نظام کو بھگا دئیے تھے۔ میں ان سے پوچھ رہا ہوں، یہ بھگانے کی بات آپ کب سے  کر رہے ہیں؟ یہ ملک آپ کا ہے، میرا نہیں ہے؟ '
 یوگی کے نظام کو بھگانے کے بیان پر اویسی نے کہا، 'آپ تاریخ تو جانتے نہیں، تاریخ میں زیرو ہیں آپ۔ اگر پڑھنا نہیں آتا تو پڑھنے والے سے پوچھو۔ اگر پڑھتے تو معلوم ہوتا کہ نظام حیدرآباد چھوڑ کر نہیں گئے تھے۔
اویسی نے کہا، " ان کے اسمبلی حلقہ میں ہر سال 150 بچے انسیفلائٹس سے مرتے ہیں۔ تمہارے گورکھپور کے دواخانے میں آکسیجن نہیں ہے، تمہیں وہاں کی فکر نہیں ہے، تم یہاں آ رہے ہو۔ یہاں آ کر نفرت کی دیوار کھڑی کرنے کی باتیں کر رہے ہو‘‘۔