بھارت میں مہنگی شادیاں کرنے والوں کو ویلفیئر ٹیکس دینا پڑے گا

03:48PM Sat 18 Feb, 2017

مہنگی ترین شادیوں کو روکنے کے لیے بل لانے کی تیاریاں شروع کردی گئیں نئی دہلی۔(بھٹکلیس نیوز) بھارت میں مہنگی ترین شادیوں کو روکنے کے لیے بل لانے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔ اگر بل منظور ہوگیا تو اربوں روپے کے اخراجات سے شادیاں کرنے والوں کو ویلفیئر ٹیکس دینا پڑے گا۔ذرئع ابلاغ کے مطابق حزب اختلاف سے تعلق رکھنے والی لوک سبھا کی خاتون رکن رنجیت رنجن شادیوں کی رجسٹریشن اور فضول اخراجات کے خاتمے کا ترمیمی بل 2016 لوک سبھا میں پیش کریں گی۔ بل کو لوک سبھا کے آئندہ اجلاس میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔بل کے مسودے کے تحت حکومت نہ صرف اربوں روپے مالیت کی شادیوں پر ویلفیئر ٹیکس عائد کرے گی بلکہ شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے مہمانوں کی تعداد میں کمی سمیت اضافی کھانوں پر بھی پابندی عائد کرسکے گی۔ اگر کوئی بھی شخص شادی کے لیے 5 لاکھ بھارتی روپے تک خرچ کرے گا تو اسے شادی کے اخراجات کی مد میں خرچ کی گئی رقم کا 10 فیصد حصہ معاشرے کی دیگر غریب دلہنوں کو ادا کرنا پڑے گا۔