عیدالاضحی کے پیش نظر آئی بی میں امن میٹنگ کا انعقاد
04:15PM Wed 30 Aug, 2017
بھٹکلیس نیوز / 30 اگست، 17
بھٹکل / (رضوان گنگاولی) عید قرباں کی آمد کے پیش نظر آج بھٹکل کے انسپیکشن بنگلو (آئی بی) میں محکمہ پولس کی جانب سے امن میٹنگ کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں دونوں فرقوں کے لوگوں نے شرکت کی۔ صدر مجلس اصلاح و تنظیم جناب مزمل قاضیا صاحب نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھٹکل کے لوگ ہمیشہ سے تمام تہوار امن و شانتی سے مناتے آرہے ہیں اور ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیتے ہوئے باہمی رواداری کی مثال پیش کرتے رہے ہیں اس لئے یہ عید بھی انشاء اللہ سابقہ سالوں کی طرح پر امن طور پر گزرنے کی امید ہے۔ انہوں نے بھٹکل کے مسلمانوں کی نمائندگی کرتے ہوئے پولس انتظامیہ اور محکمہ کو عید کے تمام دنوں میں یہاں امن و سکون برقرار رکھنے کی یقین دہانی کی اور کہا کہ ہم نے اپنی جانب سے اپنے اسپورٹس سینٹروں اور دیگر اداروں کو امن و سکون کے ساتھ رہنے کی پوری تاکید کی ہے اور سخت یدایات جاری کیں ہیں جس کی بناء پر امید ہے کہ وہ امن و شانتی کے ساتھ اس عید کو گزاریں گے۔
ایڈیشنل ایس پی مسٹر گوپال نے مسلمانوں کو عید کی پیشگی مبارکباد دیتے ہوئے حاضرین کے سامنے عید قرباں کے تعلق سے تفصیل بھی رکھی انہوں نے اسے اللہ کے عظیم پیغمبر کی قربانی کی مثال قرار دی اور تمام لوگوں سے اپیل کی وہ اس عید کو منانے میں امن و سکون کا بھر پور مظاہرہ کریں۔
اس موقع پر موجود لوگوں کی طرف سے میونسپال اور پولس محکمہ کے لئے چند گزاشات کیں گئیں جس کو میونسپال صدر اور اے ایس پی نے خلوص دل سے لیتے ہوئے اس پر عمل کرنے کی یقین دہانی کی۔
اس موقع پر تنظیم کے ذمہ داران، اے ایس پی و دیگر پولس اہلکاروں کے ساتھ ساتھ برادران وطن کی بھی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔