وجے مالیا کو واپس لانے کے لئے ہندوستان نے اٹھایا سخت قدم، برطانیہ کو سونپا حوالگی اصرار خط
03:51PM Fri 10 Feb, 2017
نئی دہلی،(بھٹکلیس نیوز)قرض ادائیگی میں دھوکہ دہی اور دیگر مالیاتی بے ضابطگیوں کا سامنا کر رہے مفرور صنعتکار وجے مالیا کو واپس لانے کے لئے ہندوستان نے سخت قدم اٹھانے کی ابتداء کی ہے۔ اسی کے تحت ہندوستان نے جمعرات کو مالیا کی حوالگی کے لیے برطانیہ کو درخواست خط سونپا۔وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ نے کہاکہ آج ہم نے وجے مالیا کی حوالگی کا مطالبہ یہاں برطانیہ کے ہائی کمیشن کو سونپا، جو ہمیں سی بی آئی سے حاصل ہوا تھا، ہم نے برطانیہ پر زور دیا ہے کہ ہندوستان میں سماعت کا سامنا کرنے کے لئے ان کو حوالے کریں۔ انہوں نے کہا کہ مالیا کے خلاف ہندوستان کا جائز معاملہ ہے اور اگر حوالگی کا احترام کیا جاتا ہے تو یہ ہمارے خدشات کے تئیں ان کی حمایت کودکھائے گا۔انہوں نے کہاکہ ہم نے یقینی حالات میں حوالگی پرزور دیا ہے اور برطانیہ کو اصرار پر غور کرنا ہے اور آگے کی کارروائی کرنی ہے۔وکاس نے کہا کہ ہندوستان نے آئی پی ایل کے سابق صدر للت مودی کی حوالگی کے لئے ابھی تک زور نہیں دیا۔سی بی آئی کی ایک عدالت نے گزشتہ ماہ مالیا کے خلاف 720 کروڑ روپے کے قرض کی ادائیگی میں دھوکہ دہی معاملے میں غیر ضمانتی وارنٹ جاری کیا تھا۔ مالیا کی بند ہو چکی کنگ فشر ایئر لائنس پر مختلف بینکوں کا 9 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ قرض واجب الادا ہے۔ انہوں نے گزشتہ سال دو مارچ کو ملک چھوڑ دیا تھا۔