بی جے پی کی حکومت والی ریاستوں میں دلتوں پر سب سے زیادہ مظالم : راہل گاندھی

02:51PM Sun 12 Aug, 2018

کانگریس صدر راہل گاندھی نے نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو (این سی آر بی) کے اعداد و شمار پر مبنی  دلتوں پر مظالم سے متعلق ایک میڈیا رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی اور بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی) کے صدر امت شاہ پر نشانہ بنایا اور پوچھا کہ آخر وہ دلتوں کی حفاظت کے لئے نیند سے کب بیدار ہوں گے۔ راہل گاندھی نے دلتوں پر بی جے پی کی حکومت والی ریاستوں میں سب سے زیادہ ظلم و زیادتی ہونے سے متعلق میڈیا رپورٹوں کا حوالہ دیتے ہوئے ایک ٹویٹ میں کہا کہ بی جے پی صدر نے انہیں مشورہ دیا تھا کہ دلتوں اور قبائلیوں کے خلاف تشدد کے بارے میں بیان دینے سے پہلے حقائق کی جانچ کیا کریں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی لیڈروں کو مشورہ ہے کہ وہ خبروں اور رپورٹوں سے حقائق کی جانچ کر لیا کریں۔ مجھے امید ہے کہ میں ذیل میں جس حقیقت کو منسلک کر رہا ہوں، اس سے مسٹر شاہ اور مسٹر مودی دلتوں پر ظلم و زیادتی پر اپنی گہری نیند سے جاگ جائیں گے"۔
گاندھی نے کہا کہ وہ اور کانگریس پارٹی دلتوں کے خلاف مظالم کے حقائق کی ضرور جانچ کرے گی۔ اس سے پہلے کانگریس صدر اور بی جے پی صدر نے ایک دوسرے پر دلتوں کی احیائے نو کے لئے کچھ نہیں کرنے کا الزام لگائے اور مسٹر امت شاہ نے مسٹر راہل گاندھی کو چیلنج کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ بی جے پی پر الزام لگانے سے پہلے حقائق کی جانچ کیا کریں۔ اسی تناظر میں ایک میڈیا رپورٹ میں این سی آر بی کے 2016 کے اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ دلتوں پر ظلم و زیادتی کے معاملات میں سر فہرست پانچ ریاستیں اتر پردیش، بہار، راجستھان، مدھیہ پردیش اور آندھرا پردیش ہیں۔ ان میں سے بہار (14 فیصد)، راجستھان (12.1 فیصد) اور مدھیہ پردیش (12.3 فیصد) بی جے پی کی حکومت میں ہے۔ ان تین ریاستوں میں دلتوں کی 20 فیصد آبادی رہتی ہے۔