شامی فوجی اہداف پر امریکی حملے کی مکمل تائید کرتے ہیں: ریاض

03:33PM Fri 7 Apr, 2017

سعودی عرب کی وزارت خارجہ کے ایک ذمہ دار نے شامی حکومت کی جانب سے نہتے معصوم شہریوں کے خلاف کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کے جواب میں شامی فوجی اہداف پر امریکا کے کروز میزائل حملوں کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔ شامی فوج کے کیمیائی حملوں میں بچوں، خواتین سمیت دسیوں معصوم شامی شہری انتہائی کربناک انداز میں لقمہ اجل بنے۔ حالیہ حملے شامی حکومت کے برادر شامی عوام کے خلاف مظالم کا ہولناک تسلسل تھے جنہیں بشار الاسد حکومت کئی برسوں سے اپنے ہی عوام کے خلاف جاری رکھے ہوئے ہے۔ مملکت کی وزارت خارجہ کے اعلی عہدیدار نے امریکا کے حالیہ فوجی حملے کی ذمہ اری شامی حکومت پر ڈالتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دلیرانہ فیصلہ دراصل شامی حکومت کے مسلسل جرائم کا جواب ہے کیونکہ عالمی برادری اب تک بشار الاسد کو اپنے جرائم روکنے میں بری طرح ناکام دکھائی دیتی تھی۔ جمعہ کو علی الصباح دو امریکی بحری جہازوں سے شامی شہر حمص میں الشیعرات فوجی ہوائی اڈے پر ٹوم ہاک میزائلوں کی بارش کی گئی۔ شامی آبزرویٹری نے بتایا ہے امریکی فوجی کارروائی میں شامی فوج کے چار اہلکار ہلاک ہوئے جبکہ ایئر بیس کو بری طرح نقصان پہنچا۔