مسلم یونیورسٹی کے سابق طلبأ متحدہ عرب امارات میں سرسید کا199واں یومِ پیدائش منائیں گے
02:56PM Fri 30 Sep, 2016
لالو پرساد یادو تقریب کے مہمانِ خصوصی ہوں گے
ویر ٹیکش ایوینٹ کے زیرِ اہتمام عالمی سطح کا پروگرام منعقد کیا جائے گا
علی گڑھ30؍ستمبر: دنیا بھر میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے بانی سرسید احمد خاں کا یومِ پیدائش منعقد کیا جا تاہے اسی سلسلے کے تحت متحدہ عرب امارات میں اے ایم یو کے سابق طلبأ21؍اکتوبر2016کو شارجہ ۔ دبئی میں اب تک کا سب سے عظیم الشان یومِ سرسید منعقد کرنے جا رہے ہیں جس کے مہمانِ خصوصی بہار کے سابق وزیرِ اعلیٰ اور سابق مرکزی وزیر برائے ریلوے مسٹر لالو پرساد یادو ہوں گے۔
متحدہ عرب امارات میں اے ایم یو کے سابق طلبأ کی انجمن اور ویرٹیکس ایوینٹ کے سربراہ مسٹر پشکن آغا نے کہا کہ اے ایم یو کے سابق طلبأ کی تنظیم اے ایم یو کے ہر کام میں ہر قدم پر ساتھ رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اے ایم یو کے طلبأ و طالبات کی ملازمت کے لئے متحدہ عرب امارات میں بہتر نظم کرنے جا رہے ہیں۔
مسٹر پشکن آغا نے بتایا کہ21؍اکتوبر2016کو شارجہ میں واقع پانچ ستارہ ریڈیشن بلیوہوٹل میں عظیم الشان پیمانے یومِ سرسید منعقد کیا جائے گا جس میں تمام عرب امارات کی ریاستوں میں مقیم اے ایم یو کے سابق طلبأ شامل ہوں گے۔انہوں نے بتایاکہ اس موقع پر سرسید ڈنر کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔انہوں نے بتایاکہ مہمانِ خصوصی مسٹر لالو پرساد یادو کے علاوہ اعزازی مہمانان کی حیثیت سے سچر کمیشن کے چیئرمین جسٹس راجیندر سچر، معروف صحافی رویش کمار اور انڈین ہاکی ٹیم کے سابق کپتان مسٹر ظفر اقبال پروگرام میں حصہ لیں گے۔
مسٹر پشکن آغا نے بتایا کہ ہماری سرگرمیاں محض سرسید ڈنر تک محدود نہیں ہیں بلکہ ہمارا مقصد علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے طلبأ و طالبات کے لئے وظائف شروع کرنا اور ان کی تعلیم مکمل ہونے پر متحدہ عرب امارات میں ان کے لئے روزگار کے مواقع تلاش کرنے میں ان کی مدد کرنا بھی شامل ہے۔ پروگرام میں ویرٹیکس ایوینٹ کا تعاون شامل رہے گا۔