کاروار کے میڈیکل سائنس سنٹر میں کوڈ19 کے علاج کی تمام تر سہولیات دستیاب: ڈی سی ہریش کمار

03:40PM Sat 2 May, 2020

کاروار: 2 مئی،20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) "کاروار کے میڈیکل سائنس سینٹر کو اب پورے طریقہ سے کوڈ 19 کے علاج کے لیے تیار کیا گیا اور یہاں تمام تر سہولیات مہیا کی گئیں ہیں۔ اگر اگلے دنوں میں اترکینرا میں کوئی کورونا کا کیس پایا جاتا ہے تو اس کا یہیں علاج کیا جائے گا"۔ اس کی جانکاری اترکینرا کے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ہریش کمار نے دی۔ انہوں اخباری نمائندوں کے سامنے اس علاج کے لیے درکار مشینوں اور دیگر چیزوں کی نمائش بھی کی اور کہا کہ اس وارڈ میں طبی جانچ، مشینوں کی نصب کاری  اور مریضوں کی تشخیص سمیت ہر طرح کی سہولت موجود ہے۔ ڈی سی نے کہا کہ فی الحال تو اترکینرا میں کورونا کے تمام مریض صحت یاب ہوچکے ہیں لیکن آئندہ جب باہر سے لوگ آئیں گے تو ان میں کورونا پائے جانے کا امکان موجود ہے تاہم انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی طرف سے ایسے افراد کی سخت نگرانی کی جارہی ہے اور باہر سے آنے والوں کو قرنطینہ میں رکھا جارہا ہے۔ اس موقع پر ضلع پنچایت سی ای او جناب محمد روشن نے کہا کہ اس وارڈ میں آئندہ دنوں کورونا کے علاوہ دیگر وبائی بیماریوں کا بھی علاج کیا جائے گا جس کے لیے انتظامیہ نے پوری تیاری کر لی ہے۔ اس موقع پر ضلعی ایس پی مسٹر شیو پرکاش دیوراج بھی موجود تھے۔