کرناٹک کے حلقہ اسمبلی چنچولی میں 19 مئی کو ووٹنگ

03:49PM Wed 1 May, 2019

گلبرگی: ریاست کرناٹک کے حلقہ اسمبلی چنچولی میں جہاں ضمنی انتخاب منعقد ہورہاہے‘ 19مئی کو رائے دہی ہوگی۔ کانگریس کے امیدوارسبھاش رادوڈ کی تائیدمیں یہاں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ریاستی وزیرسماجی بہبود پریانک کھرگے نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بی جے پی امیدوار کو سبق سکھائیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی امیدوار اویناش جادھو کے والد ڈاکٹر اومیش جادھو کانگریس کے رکن اسمبلی تھے جو کانگریس سے بغاوت کرتے ہوئے بی جے پی میں شامل ہوگئے۔ انہوں نے اویناش جادھو پر اپنے آپ کو بی جے پی کو فروخت کردینے کا الزام عائد کیا۔ ریاستی وزیر نے کہاکہ حلقہ چنچولی کے عوام کے لیے یہ بہترین موقع ہے کہ وہ جادھو کو سخت جواب دیں جن کے شبب یہ ضمنی انتخاب ہورہاہے۔ انہوں نے کہاکہ اومیش جادھوکے لیے جمہوریت کامطلب صرف رقم کماناہے۔ ڈاکٹر جادھو گزشتہ انتخابات میں کانگریس کے ٹکٹ پر حلقہ چنچولی سے منتخب ہوئے تھے‘ انہوں نے حلقہ لوک سبھا گلبرگہ کے کانگریس کے طاقتور امیدوارملیکارجن کھرگے سے مقابلہ کے لیے بی جے پی میں شامل ہوگئے اور بی جے پی کے ٹکٹ پر مقابلہ کررہے ہیں۔