گیتا پاکستان سے وطن واپس پہنچ گئی

04:25PM Mon 26 Oct, 2015

بھٹکلیس نیوز / 26 اکتوبر، 15 نیو دہلی / (ایجنسی) پاکستان نے ایک گونگی اور بہری ہندوستانی لڑکی گیتا، جو عرصہ پہلے غلطی سے سرحد عبور کر کے پاکستان داخل ہو گئی تھی کو بالآخر اس کے وطن واپس لوٹا دیا۔ پاکستان میں تمام عرصے گیتا کی دیکھ بھال ایدھی فاؤنڈیشن نے کی تھی۔ پیر کے روز گیتا کا اپنے خاندان کے ساتھ ملن ہو گیا، حالاں کہ یہ طے نہیں ہے کہ یہ وہی خاندان ہے جس سے گیتا گیارہ یا بارہ برس کی عمر میں بچھڑی تھی۔ حکام کے مطابق ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے یہ معلوم کیا جائے گا کہ آیا یہ گیتا ہی کا خاندان ہے۔ گیتا نو عمری میں غلطی سے پاک بھارت سرحد عبور کر کرے پاکستان داخل ہوئی تھی۔ وہ طویل عرصے پاکستان میں اس لیے پھنس کر رہ گئی تھی کہ وہ اپنی یا اپنے خاندان کی شناخت کے بارے میں کسی کو بتانے کے قابل نہیں تھی۔ پاکستان میں ایدھی فاؤنڈیشن نے گیتا کی دیکھ بھال کی، اور یہ معروف سماجی کارکن عبدالستار ایدھی اور ان کی بیگم بلقیس ایدھی کا ہی کمال ہے کہ گیتا آج اپنے وطن میں ہے۔ گیتا نام بھی اس لڑکی کو ایدھی فاؤنڈیشن کی طرف سےہی ملا تھا۔ نئی دہلی کے فضائی اڈے پر گیتا کا شان دار استقبال کیا گیا۔ یہاں حکومتی اہل کاروں کے علاوہ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کی بڑی تعداد بنی موجود تھی۔ گیتا نے مسکراتے ہوئے پھولوں کے گل دستے قبول کیے اور لوگوں کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔