مصر : وادی سینا میں نماز جمعہ کے دوران مسجد پر دہشت گردانہ حملہ ، 184 افراد جاں بحق ، سینکڑوں زخمی
03:10PM Fri 24 Nov, 2017
Share:
قاہرہ: مصر کے صحرائے سینا میں واقع مسجد پر دہشت گردوں کے حملے میں 184 افراد جاں بحق اورمتعدد زخمی ہوگئے۔ مصری سرکاری نیوز ایجنسی مینا کے مطابق دہشت گردوں نے ضحرائے سینا کے علاقے العریش میں واقع مسجد راودا پر اس وقت حملہ کیا جب نماز جمعہ کا خطبہ جاری تھا، اس دوران چار گاڑیوں میں آئے دہشت گردوں نے نمازیوں پر فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں 184 افراد جاں بحق اورمتعدد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ٹیموں نے لاشوں اورزخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی جس کے باعث اموات میں اضافے کا خدشہ ظاہرکیا جارہا ہےدوسری جانب وزارتِ صحت کے ترجمان خالد مجاہد نے بتایا کہ حملے کے دوران بم دھماکے بھی ہوئے جس سے زیادہ جانی نقصان ہوا۔
میڈیا کی خبروں کے مطابق دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 200 سے تجاوز کر سکتی ہے۔ دھماکے کے بعد 50 کے قریب ایمبولینس کی گاڑیاں جائے حادثہ کی جانب دوڑ پڑیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جب دھماکہ میں زخمی افراد کو منتقل کیا جارہا تھا تو اس دوران بھی نامعلوم مسلح دہشت گردوں نے ایمبولینس کی گاڑیوں پر فائرنگ کی۔مصری صدر نے اس الم ناک واقعے پر ملک میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔