ایروم شرمیلا کی جدوجہد رنگ لائی :تری پورہ حکومت نے 18 سالوں سے نافذ افسپا کو ہٹانے کا کیا فیصلہ

01:03PM Thu 28 May, 2015

بھٹکلیس نیوز / 28 مئ، 15 اگرتلہ (آئی این ایس) تری پورہ حکومت نے ریاست سے مسلح فورس خصوصی اختیارات ایکٹ(افسپا )کو ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔انتہا پسندی سے متاثر ریاست میں گزشتہ 18سالوں سے یہ متنازعہ قانون نافذ تھا۔اسے یہاں 1997میں نافذ کیا گیا تھا۔ریاست کے وزیر اعلی اور وزیر داخلہ مانک سرکار نے کہا ہے کہ یہ فیصلہ کابینہ کی میٹنگ میں لیا گیاہے ۔سرکار نے کہا کہ ہمیں مشورہ دیا گیا کہ اب اس ایکٹ کی کوئی ضرورت نہیں ہے، کیونکہ انتہا پسندی کے مسئلے پر کافی حد تک قابو پا لیا گیا ہے۔عسکریت پسندوں کے بڑھتے تشدد کی وجہ سے 16؍فروری 1997کو ریاست میں یہ قانون نافذ کیا گیا تھا۔اس قانون کی شمال مشرقی ریاستوں میں کافی مخالفت ہوتی رہی ہے۔منی پور کی آئرن لیڈی کہی جانے والی ایروم شرمیلا اس قانون کو ہٹانے کے مطالبہ کے پیش نظر 10سالوں سے بھی زیادہ عرصے سے بھوک ہڑتال پر ہیں۔اس قانون کے تحت فوج اور مسلح فورسز کو اضافی اختیارات مل جاتے ہیں۔اس قانون کے بے جا استعمال کو لے کر ہمیشہ سے الزام لگتے رہے ہیں۔