راجستھان: رکبر موب لنچنگ معاملہ کی آئندہ سماعت 18ستمبر کو ہوگی
01:41PM Sat 15 Sep, 2018
راجستھان میں الور ضلع کے رام گڑھ پولیس تھانہ علاقہ میں گائے کی اسمگلنگ کے شک میں بھیڑ کے ذریعہ رکبر کے قتل معاملے کی عدالت میں اگلی سماعت 18 ستمبر کو ہوگی۔
اس معاملہ میں گرفتار تین ملزمین کو آج رام گڑھ عدالت میں پیش کیا گیا۔ ان تینوں کے خلاف عدالت میں فردجرم داخل کی جا چکی ہے لیکن اس میں کمی کی وجہ سے معاملہ کی آئندہ سماعت منگل کو مقرر کی گئی ہے۔ فردجرم میں پانچ ملزمین کے نام کا ذکر ہے جن میں سے دو ملزمین کے خلاف جانچ ابھی زیرالتوا بتائی گئی ہے۔
خیال رہے کہ اس معاملہ میں گرفتار ملزم نریش ، پرمجیت اور دھرمیندر یادو کے خلاف فرد جرم گزشتہ سات ستمبر کو عدالت میں پیش کردی گئی تھی لیکن عدالت نے اس میں کمی بتاتے ہوئے اس کی سماعت پندرہ اگست طے کردی تھی۔ فردجرم میں ابھی بھی کمی پوری نہیں ہونے پر عدالت نے معاملہ کی اگلی سماعت 18ستمبر طے کردی۔
گزشتہ 20جولائی کی رات للاونڈی گاوں کے نزدیک گائے کی اسمگلنگ کے شک میں بھیڑ کے حملے کے بعد رکبر کی موت ہوگئی تھی۔