مخلوط حکومت کو کھوکھلا کرنے کی کوشش ہورہی ہے راہل گاندھی ریاستی کانگریس قائدین کو اتحاد کا حق ادا کرنے کی تلقین کریں ۔دیوے گوڈا
12:23PM Tue 8 Jan, 2019
بنگلورو۔8؍جنوری(سالارنیوز) مخلوط حکومت تشکیل دیتے وقت ساجھے دار پارٹیوں کے درمیان یہ فیصلہ ہوا تھاکہ جس پارٹی کے حق میں جو قلمدان آئے گا، اس قلمدان کے تحت آنے والے بورڈ اور کارپوریشنوں کے صدر کا عہدہ اسی پارٹی کودیاجائے گا۔ اس سمجھوتہ کے باوجود کانگریس قائدین خلاف ورزی کرتے ہوئے اتحادی محاذ کو کھوکھلا کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔اس قسم کی ناراضی سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڈا نے اے آئی سی سی کے صدر راہل گاندھی کے سامنے ظاہر کی ہے ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق کابینہ میں رد وبدل اور توسیع کے بعد دہلی سفر کے دوران دیوے گوڈا نے ریاستی کانگریس نگران کار کے سی وینو گوپال کو یہ باتیں بتائی تھیں ۔ وینو گوپال نے اس وقت کہا تھا کہ یہ باتیں ریاستی حد تک رہیں ۔ہائی کمان تک لے جانے کی ضرورت نہیں ہے ۔ ان کے کہنے پر ہم اور وزیراعلیٰ خاموش ہوگئے لیکن پھر بھی اس قسم کی غلطیاں کی جارہی ہیں ۔ اس سے اتحادی محاذ کو دھکا پہنچ سکتاہے ۔دیوے گوڈا نے کہاکہ ماحولیاتی آلودگی کنٹرول بورڈ ، بی ڈی اے ،کے آر ڈی ایل اور وزیراعلیٰ کے پولیٹیکل سکریٹری سمیت مختلف عہدوں پر کانگریس اراکین اسمبلی کو نامزد کرتے ہوئے مخلوط اتحاد کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ 2004 میں جب کانگریس اور جے ڈی ایس اتحاد پر مشتمل حکومت تشکیل دی گئی تھی، اس وقت بھی ایک قدآور قائد نے اپنے حمایتیوں کے ساتھ مل کر جے ڈی ایس کو توڑنے کی کوشش کی تھی۔ اس وقت میں نے سونیاگاندھی سے ملاقات کرتے ہوئے کہاتھا کہ اب اتحادی محاذ کا قائم رہنا مشکل ہے ۔ اس لئے کابینہ تحلیل کرتے ہوئے الیکشن کاسامنا کرنے کی تیاری کریں تو بہتر ہوگا۔اس دوران الیکشن کا سامنا کرنے سے خائف اراکین اسمبلی نے بی جے پی کے ساتھ مل کر حکومت تشکیل دی، لیکن آج کی صورتحال مختلف ہے۔ جے ڈی ایس کو توڑنے کی کوشش تو نہیں کی گئی لیکن جے ڈی ایس کے اقتدار کے مراکز چھیننے کی کوشش ہورہی ہے۔ یہ تمام باتیں اتحادی محاذ کے حق میں درست نظر نہیں آرہی ہیں ۔اس لئے ریاستی کانگریس قائدین کو واضح ہدایت دی جائے ۔حکومت تشکیل کے وقت ہوئی بات چیت کے مطابق اقتدار کی تقسیم کا کام ہونا چاہئے ۔ اگر ایسا نہیں ہوا تو آئندہ ہونے والے نتائج کا میں ذمہ دار نہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہریاست میں فرقہ پرست پارٹی کو برسراقتدار آنے سے روکنے کی ہم نے کوشش کی ہے ۔لیکن کانگریس پارٹی سکیولر پارٹیوں کو منظم طور پر اپنے ساتھ لے جانے میں لڑکھڑا رہی ہے ۔ کرناٹک کی سیاسی سرگرمیوں پر علاقائی پارٹیاں توجہ مرکوز کی ہوئی ہیں ۔ ان تمام وجوہات کے پیش نظر کانگریس ہائی کمان ،ریاستی قائدین کو خصوصی ہدایت جاری کرے ۔