بابری مسجد ۔ رام جنم بھومی ایودھیا تنازع : 17 اکتوبرتک مکمل ہوجائے سماعت :سپریم کورٹ

03:51PM Fri 4 Oct, 2019

سپریم کورٹ نے اشارہ دیا ہے کہ اجودھیا تنازعہ کی سماعت 17 اکتوبر تک مکمل ہوجائے گی ، اور اسی دن ’مولڈنگ آف ریلیف‘ ' پر بحث کا عندیہ دیا ۔چیف جسٹس رنجن گگوئی ، جسٹس ایس اے بوبڈے ، جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ ، جسٹس اشوک بھوشن اور ایس عبد النظیر پر مشتمل آئینی بینچ نے آج کی سماعت کے اختتام پر کہا کہ 14 اکتوبر کو مسلم فریق کے وکیل راجیو دھون کی دلیل مکمل ہوجائے گی۔جسٹس گگوئی نے کہا کہ 15 اور 16 اکتوبر کو ہندو فریق جواب دیں گے اور 17 اکتوبر کو ’مولڈنگ آف ریلیف‘ پر بحث ہوگی۔مولڈنگ آف ریلیف کا مطلب عرضی میں کی گئی اپیل سے علاحدہ متبادل راحت ہے ۔ اس اصول کے تحت یہ غور کیا جاتا ہے کہ درخواست میں کی گئی مانگ پوری طرح نہ ماننے کی صورت میں متبادل راحت کیا ہوسکتی ہے۔ عدالت عظمی میں اگلے پورے ہفتہ چھٹی ر ہے گی۔ اس سے پہلے آج بابری مسجد۔رام جنم بھومی ایودھیا تنازع کی سماعت کے 37 ویں دن مسلم فریق کے وکیل راجیو دھون نے دلیل پیش کرتے ہوئے کہا کہ بابری مسجد پر جبراً قبضہ کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا، لوگوں کو مذہب کے نام پر اکسایا گیا، زیر سماعت التوا معاملہ میں دباؤ بنایا گیا۔راجیو دھون نے مزید کہا کہ مسجد کو منہدم کیا گیا اوراس وقت کے وزیر اعلیٰ کلیان سنگھ حکم عدولی کی وجہ سے ایک دن جیل میں تھے۔راجیو دھون نے عدالت سے اپیل کی کہ وہ تمام حقائق کو پیش نظر رکھے۔