اُردو یونیورسٹی میں دو روزہ قومی اُردو سائنس کانگریس کا اہتمام۔۔۔16؍ فروری کو افتتاح

01:45PM Tue 14 Feb, 2017

حیدرآباد۔ (بھٹکلیس نیوز) مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی، اردو مرکز برائے فروغ علوم کی جانب سے 16 اور 17؍ فروری کو قومی اردو سائنس کانگریس 2017 کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ ڈاکٹر خواجہ سید معز الدین (عابد معز) ، کنسلٹنٹ مرکز و کنوینر کانگریس کے بموجب اس کا افتتاحی اجلاس 16؍ فروری کو صبح 9:30 بجے ، ڈی ڈی ای آڈیٹوریم، یونیورسٹی کیمپس منعقد میں ہوگا۔ پروفیسر ایس راما چندرم، وائس چانسلر عثمانیہ یونیورسٹی مہمانِ خصوصی ہوں گے جبکہ پروفیسر شمس الاسلام فاروقی، سابق پرنسپل سائنٹسٹ ایگریکلچر ریسرچ انسٹیٹیوٹ اور ڈاکٹر محمد اقتدار حسین فاروقی، سابق ڈپٹی ڈائرکٹر/ صدر شعبہ نباتی کیمیا، نیشنل بوٹانیکل ریسرچ انسٹیٹیوٹ، لکھنؤ مہمانانِ اعزازی۔ ڈاکٹر محمد اسلم پرویز، شیخ الجامعہ صدارت کریں گے اور ڈاکٹر محمد شکیل احمد، نائب شیخ الجامعہ خطبۂ استقبالیہ دیں گے۔ اردو سائنس کانگریس کا دوسرا سشن 16؍ فروری ہی کو 12بجے دن منعقد ہوگا جس کی صدارت ڈاکٹر محمد اسلم پرویز کریں گے ۔ پروفیسر اقتدار حسین فاروقی، ڈاکٹر عبدالمعز شمس، پروفیسر شمس الاسلام فاروقی کے خصوصی خطابات ہوں گے۔ دوپہر 2:15 سی پی ڈی یو ایم ٹی کے ہال نمبر 11 میں ڈاکٹر شکیل احمد کے ہاتھوں اردو سائنسی کتابوں کی نمائش کا افتتاح عمل میں آئے گا۔ اس کے علاوہ 16؍ فروری کو لائبریری آڈیٹوریم اور سی پی ڈی یو ایم ٹی آڈیٹوریم منعقد ہونے والے مختلف اجلاسوں کے عنوانات ہیں، عوام میں سائنسی شعور اور معلومات کا فروغ؛ صحت و طب اور متفرق سائنسی مقالے؛ قرآن، مذہب اور سائنس؛ اردو میں سائنسی علوم کی پیشکش: مسائل اور مستقبل ۔ شام 7:30 بجے سید حامد لائبریری آڈیٹوریم میں ادبی محفل منعقد ہوگی۔ اس کی صدارت پروفیسر نسیم الدین فریس چلائیں گے جبکہ پروفیسر صدیقی محمد محمود نظامت کریں گے۔