شہر میں غریبوں کیلئے ایک لاکھ مکانات تعمیرکرنے کا فیصلہ 15؍نومبر سے آن لائن عرضیاں طلب کی جائیں گی۔431ایکڑ زمین کی نشاندہی ہوگی
02:30PM Fri 27 Oct, 2017
بنگلورو۔27؍اکتوبر (سالار) ریاستی وزیر اعلیٰ سدارامیا نے آج کہاکہ راجدھانی بنگلورو میں خط غربت سے نیچے کی زندگی بسر کرنے والے بے گھر کنبوں کے لئے ایک لاکھ مکانات تعمیر کرنے کا حکومت نے فیصلہ کیا ہے۔ ضرورتمند افراد سے 15؍نومبر سے آن لائن عرضیاں طلب کی جائیں گی۔ یہاں ودھان سودھان کے کمیٹی روم میں آج منعقدہ وزیراعلیٰ کے ایک لاکھ رہائشی مکانات کی اسکیم کے اجلاس کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ انہوں نے بتایاکہ شہر میں غریبوں کے لئے ایک لاکھ مکانات تعمیرکرنے کے لئے ایک ہزار ایکڑ زمین کی ضرورت ہے۔ اس اسکیم کا جب منصوبہ تیارکیا گیا تو ایک لاکھ مکانات کی تعمیر کے لئے 1100؍ایکڑزمین کی نشاندہی کرنے کی ا فسروں کو ہدایت دی گئی تھی۔ اس اسکیم کے لئے اب تک 431؍ ایکڑ زمین کی نشاندہی کرلی گئی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ راجیوگاندھی ہاؤزنگ کارپوریشن نے اب تک نشاندہی کردہ زمین کا جائزہ لے کر یہاں مکانات تعمیرکرنے کی منظوری دے دی ہے۔ بقیہ زمین کی نشاندہی کرنے کی ذمہ داری بنگلور ضلع کے ڈپٹی کمشنر کو دی گی ہے۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ اس اسکیم کو عملی جامہ پہنانے کے لئے حکومت بے تاب ہے۔ زمین کی نشاندہی ہوتے ہی فوری کام شروع کردیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ شہر بنگلور میں مقیم بے گھر غریبوں کو مکانات فراہم کرنے ہر ایک مکان ساڑھے پانچ لاکھ روپئے کی لاگت سے تعمیرکیا جائے گا جس کے لئے 5؍ہزار 5؍سو کروڑ روپئے درکار ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس اسکیم کے تحت بی بی ایم پی کی حدود میں80؍فی صد اور بقیہ 20؍ فی صد مکانات بی بی ایم پی حدود سے باہر تعمیر کئے جائیں گے۔ یہ مکانات کرناٹکا ہاؤزنگ بورڈ کی نگرانی میں راجیو گاندھی ہاؤزنگ کارپوریشن کے ذریعہ تعمیر کروائے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ سدارامیا نے بتایا کہ مذکورہ اسکیم کے تحت ہمہ منزلہ مکانات جو چارمنزلوں پر مشتمل ہوں گے ۔ تعمیر کرنے کی بھی تجویز ہے۔ شہر بنگلور میں پچھلے 5؍سالوں سے خط غربت کی زندگی بسر کررہے بے گھر افراد اس اسکیم کے لئے اہل ہوں گے۔ اس اسکیم کے لئے ایس سی اور ایس ٹی سے تعلق رکھنے والے لوگ ابتدا میں فی کس 50؍ ہزار روپئے اور دیگر پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والوں کو فی کس ایک لاکھ روپئے جمع کرنے ہوں گے۔ سدارامیا نے بتایا کہ اس اسکیم کے لئے قومیائی بینکوں سے قرضہ حاصل کرنے کی سہولت بھی ہوگی۔ اس اسکیم سے شعبۂ محنت کے بھی ملازمین فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔ اس اسکیم کے لئے جلد ٹنڈرس طلب کئے جائیں گے۔ ٹنڈر الاٹ کرنے کے بعد24؍مہینوں میں مکانات کی تعمیر مکمل کرنی ہوگی۔