بنگلور شہر میں 15؍سال پرانی گاڑیوں کی آمد ورفت پر پابندی عائد کی جائے گی۔ وزیر ٹرانسپورٹ

12:41PM Tue 12 Feb, 2019

بنگلورو۔12؍فروری (سالار نیوز) بڑھتی ہوئی ٹرافک کے مسئلے پر قابو پانے کے لئے شہر میں 15؍سال پرانی گاڑیوں پر پابندی عائد کی جائے گی۔ یہ بات ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ وی سی تمنا نے کہی۔ شہر کے کارپوریشن دفتر کے میٹنگ ہال میں محکمۂ ٹرانسپورٹ اور محکمۂ ٹرافک پولیس کے مشترکہ زیر اہتمام 30؍ویں قومی سڑک تحفظ ہفتہ 2019 پروگرام کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے بعد انہوں نے کہاکہ شہر میں ٹرافک کا مسئلہ بڑھتاہی جارہاہے۔ اس لئے گاڑیوں پر روک لگانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ شہر کی حدود میں ٹرافک کم کرنے کے لئے وارڈ سطح پر بیداری لانے کے لئے پروگرام شروع کئے جائیں گے۔ بعد ازاں شہر میں کاروں کے استعمال کو کم کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی کل آبادی تقریباً 7؍کروڑ ہے۔ اس کی آدھی تعداد میں گاڑیوں کا رجسٹریشن ہواہے جب کہ شہر بنگلور کی آبادی تقریباً ایک کروڑ ہے۔ یہاں روزانہ تقریباً ایک کروڑ گاڑیوں کی آمد ورفت ہے۔ اس کے علاوہ شہر میں دیگر ریاستوں سے بھی روزانہ لاکھوں گاڑیاں آتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اعداد وشمار بتاتے ہیں کہ گزشتہ سال شہر میں فضائی آلودگی کی وجہ سے 4؍ہزار افراد فوت ہوئے۔ تیزی سے سڑکوں کی حالت میں بہتری ہورہی ہے۔ اسی تیزی سے سڑک حادثات کی تعداد میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہاکہ سڑکوں پر پڑے گڑھوں کو مکمل طور سے بند کرنا ممکن نہیں ہے۔ جب بارش ہوتی ہے گڑھے دوبارہ ہوجاتے ہیں۔ موٹرسواروں کو چاہئے کہ احتیاط سے گاڑی چلائیں۔ رکن اسمبلی اودے گروڈاچار نے بھی شہر میں 15؍سال سے زائد پرانی گاڑیوں پر پابندی لگانے کی بات کہی۔ ٹرانسپورٹ اور سڑک تحفظ کے کمشنر وی پی اکیری نے کہاکہ دوپہیہ موٹرسوار ٹرافک قوانین کی لازمی طور پر پابندی کریں۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں سڑک حادثوں میں سالانہ تقریباً 1.54 موٹرسوار فوت ہوتے ہیں۔ موٹر سواروں میں ٹرافک قوانین کے بارے میں بیداری لانے کے لئے اس طرح کے پروگراموں کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ تقریب میں بی ایم ٹی سی چیرمین ،رکن اسمبلی این اے حارث محکمۂ داخلہ کے خصوصی چیف سکریٹری رجنیش گوئل ، کنڑا فلم اداکار سپریم ، راگنی دویدی، بنگلور سٹی ٹرافک پولیس کمشنر ہری شیکھرن شریک رہے۔