خشک سالی پر مئی 15/کو وزیر اعلیٰ کمار سوامی کی اعلی عہدیداران کے ساتھ ویڈیو کانفرنس

12:52PM Sat 11 May, 2019

بنگلورو۔11/مئی(بھٹکلیس نیوز بیورو) ریاست میں خشک سالی کی صورتحال کا  جائزہ لینے کے لیے وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی 15مئی کو تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں، ضلع پنچایتوں کے چیف ایگزی کیٹیو افسرو ں اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے مخاطب ہوں گے۔ اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں سے  درخواست کی گئی ہے کہ خشک سالی سے نپٹنے کے لئے اب تک جو بھی پیش رفت کی گئی ہے اس کی تفصیل ویڈیو کانفرنس کے دوران پیش کی جائے۔ بتایاجاتا ہے کہ اس ویڈیو کانفرنس کے مرحلے میں تمام ضلع انچارج وزراء کے علاوہ بعض سینئر اراکین اسمبلی بھی موجود رہیں گے۔ اس کانفرنس  کے دوران  خشک سالی سے متاثرہ علاقوں میں پینے کے پانی کی سربراہی، جانوروں کے لئے چارے اور روزگار ضمانت اسکیم کے تحت روزگار کی فراہمی کے نکات زیر بحث آئیں گے جس  کے بعد یہ بھی طے کیا جائے گا کہ ریاست کے کتنے تعلقہ جات رواں سال خشک سالی کی لپیٹ میں ہیں۔ اس سلسلے  میں تیار ہونے والی رپورٹ کی بنیاد پر مرکزی حکومت سے امداد کا تقاضہ کیا جائے گا۔