کل 15 ؍فروری کو مزارِ غالب پریومِ غالب کا انعقاد

01:50PM Tue 14 Feb, 2017

نئی دہلی۔(بھٹکلیس نیوز)غالب کے یومِ وفات کے موقع پر انجمنِ ترقی اردو(دہلی شاخ) غالب انسٹی ٹیوٹ اور غالب اکیڈمی کے تعاون سے ۱۵؍فروری۲۰۱۷ء بروزِ بدھ ۳بجے سہ پہر کو مزارِ غالب پر یومِ غالب کا اہتمام کیا جائے گا۔اس موقع پر مزارِ غالب پر گل افشانی، فاتحہ خوانی، تقاریر اور غالب کو منظوم خراج عقیدت پیش کیاجائے گا۔اس جلسے میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے مرکزی وزیر براے اقلیتی امور، حکومتِ ہند عالی جناب مختار عباس نقوی موجود رہیں گے اور صدارت انجمن ترقی اردو دلّی شاخ کے صدر شاہد ماہلی کی ہوگی۔ پروفیسر صدیق الرحمن قدوائی، اسد رضا،ڈاکٹر عقیل احمداور ڈاکٹر رضاحیدر غالب کی زندگی اور شاعری پر اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔ عہدِ حاضر کے اہم غزل سنگر استاد عبدالرحمن اور اُن کے ساتھی اپنی خوبصورت آواز میں غالب کی غزلیں پیش کریں گے۔اس موقع پر ایک طرحی مشاعرے کا بھی اہتمام کیاگیاہے۔اس مشاعرے کی صدارت بزرگ شاعرگلزار دہلوی کریں گے اور نظامت کا فریضہ ملک کے معروف ناظم معین شاداب انجام دیں گے۔ جن شعراء کو مدعو کیا گیاہے اُن میں جناب وقار مانوی ،جناب ظفر مرادآ بادی، جناب ابرارکرتپوری، جناب نسیم عباسی،جناب متین امروہوی، جناب اسد رضا،جناب اقبال فردوسی،جناب بھٹناگر شاداب، جناب رئیس صدیقی،جناب کمال جعفری جناب تحسین منور، اورجناب شاہد ماہلی قابلِ ذکر ہیں۔ غالب کی شاعری کا اعجاز یہ ہے کہ آج بھی غالب کی شاعری کو سمجھنا، سننااور گفتگو کرنا ہرعام اور خاص آدمی اپنے لیے اعزاز سمجھتا ہے۔ مزارِ غالب پر غالب کی یومِ وفات کے موقع پر پچھلے ۵۰سالوں سے خراجِ عقیدت پیش کیا جارہاہے۔ انجمن ترقی اردو دہلی شاخ کے جنرل سکریٹری مسعود فاروقی اور جوائنٹ سکریٹری ڈاکٹر ادریس نے اس جلسے کے اہتمام و انتظام میں اہم کردار ادا کیا ہے لہٰذا امید کی جارہی ہے کہ بڑی تعداد میں اہل علم مزار غالب پر غالب کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے موجود رہیں ۔