مریخ پر انسانی شہر کا ڈیزائن بنائیے، 15 لاکھ کا انعام پائیے!
03:17PM Sun 16 Feb, 2020
ٹیکساس:
مریخ پر انسانی بستیاں بسانے کے خواہش مند گروپ ’’مارس سوسائٹی‘‘ نے حال ہی میں ایک نئے انعامی مقابلے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت دنیا بھر سے لوگوں کو دعوت دی گئی ہے کہ وہ مریخ پر انسانی شہر کا ڈیزائن بنا کر ان کے پاس جمع کروائیں۔
ان میں سے جو ڈیزائن بھی مارس سوسائٹی کو سب سے اچھا اور موزوں ترین لگا، اسے بنانے والی ٹیم کو 10 ہزار ڈالر (15 لاکھ پاکستانی روپے) کا انعام دیا جائے گا۔ مقابلے کےلیے ڈیزائن جمع کروانے کی آخری تاریخ 30 جون 2020 مقرر کی گئی ہے۔
مستقبل کے اس مریخی شہر کو ’’مارس سٹی اسٹیٹ‘‘ کا نام دیا گیا ہے جہاں دس لاکھ افراد رہ سکیں گے۔
مطلب یہ کہ مارس سٹی اسٹیٹ کے تمام باسیوں کو اشیائے خور و نوش، لباس، رہائش، توانائی، روزمرہ اشیائے صرف، گاڑیاں اور مشینیں وغیرہ مریخ پر موجود قدرتی وسائل ہی سے حاصل ہوجائیں۔ تاہم صرف وہی چیزیں زمین سے مریخ تک ’’درآمد‘‘ کرنے کی اجازت ہوگی جو وہاں تیار نہ کی جاسکیں، بالخصوص جدید برقی آلات اور اسی طرح کا دوسرا ساز و سامان۔
اگر آپ کے ذہن میں بھی مریخ کےلیے ایسے ہی کسی شہر کا منصوبہ ہے جہاں دس لاکھ انسان رہ سکیں اور جو اپنے تمام تر وسائل کے اعتبار سے مکمل طور پر خودکفیل و خودمختار ہو، تو اس لنک پر کلک کرکے مزید تفصیلات حاصل کرسکتے ہیں۔