بی جے پی کی دوسری فہرست15؍اپریل کو جاری کی جائے گی۔ ایڈی یورپا
12:48PM Tue 10 Apr, 2018
بھٹکلیس نیوز بیورو ؍ 10 اپریل،2018
بنگلورو۔10؍اپریل (چیف رپورٹر)ریاستی بی جے پی یونٹ کے صدر بی ایس ایڈی یورپا نے آج کہا کہ ریاست میں 12؍مئی کو ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لئے بی جے پی اپنے امیدواروں کی دوسری فہرست 11؍ اپریل کو جاری کرے گی۔ سابق وزیراعلیٰ نے آج یہ بھی اعلان کیا کہ شیموگہ ضلع کے شکاری پورہ سے وہ 19؍ اپریل کو اپنے کاغذات نامزدگی داخل کریں گے ۔انہوں نے بتایا کہ کل رات پارٹی نے72؍امیدواروں پر مشتمل پہلی فہرست جاری کی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ ایک یا دو دنوں میں 65تا 70 ؍امیدواروں کی دوسری فہرست بھی جاری کردی جائے گی۔ بی جے پی کی جاری پہلی فہرست میں بی جے پی کے بزرگ لیڈر بی ایس ایڈی یورپا اور پارٹی کے دیگر بزرگ لیڈران جیسے جگدیش شٹر اور کے ایس ایشورپا بھی شامل ہیں ۔ ایڈی یورپا شکاری پورہ ، ایشورپا شیموگہ سے چناؤ لڑیں گے ۔ بنگلور اسمبلی حلقوں کے تقریباً تمام موجودہ بی جے پی اراکین اسمبلی کوٹکٹ دیاگیا ہے ۔ چک پیٹ، شیواجی نگر ،چامراج پیٹ،ہیبال، پلکیشی نگر اور سروگنانگر جیسے اقلیتوں کی کثیر آبادی والے حلقوں سے بی جے پی نے ابھی اپنے امیدواروں کے ناموں کااعلان نہیں کیا ہے۔جگدیش شٹر اپنے قدیم حلقہ دھارواڑ سنٹرل سے ہی چناؤ لڑیں گے ۔ دریں اثناء اطلاع ملی ہے کہ جن متوقع امیدواروں کوپارٹی ٹکٹ نہیں ملا ہے انہوں نے ناراضی ظاہر کرتے ہوئے پارٹی چھوڑ دینے کی دھمکی دی ہے ۔اس پر ایڈی یورپا نے کہاکہ تمام پارٹیوں میں یہ عام ہے ۔ چند دنوں بعد ان کی ناراضی دور ہوجائے گی۔ وہ خود ان تمام متوقع امیدواروں سے بات کریں گے ۔انہوں نے بتایا کہ اگر ان کی پارٹی اقتدار میں آئی تو انہیں حکومت میں مناسب مو اقع دینے کا تیقن دیاجائے گا۔ ایڈی یورپا بی جے پی سے وزیراعلیٰ کے امیدوار ہیں اور پارٹی کو پانچ سال بعد دوبارہ اقتدار پر لانے پارٹی نے 224؍ اسمبلی حلقوں میں سے 150پر کامیابی حاصل کرنے کانشانہ مقرر کیا ہے۔