آروگیہ کرناٹک منصوبے میں 15 اسپتال شامل سرکاری اسپتال کے ڈاکٹروں کی سفارش پر پرائیویٹ اسپتالوں میں علاج کی سہولت

12:36PM Sat 15 Sep, 2018

ہاسن:15؍ ستمبر (سالارنیوز) مرکزی اور ریاستی حکومت کی مختلف ہیلتھ اسکیموں کو ضم کر کے بنائے گئے آروگیہ کرناٹکا منصوبہ جاری کیا گیا ہے۔ ضلع کے 15 پرائیویٹ اسپتال اس منصوبے کے تحت علاج کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ یہ بات ڈسٹرکٹ ہیلتھ اینڈ فیملی ویلفیر آفیسر ڈاکٹر ستیش نے کہی۔ انہوں نے یہاں محکمہ کے دفتر میں طلب کردہ اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یشسوینی منصوبے، واجپائی آروگیہ شری، راجیو آروگیہ بھاگیہ،راشٹریہ سواستھ بیما یوجنا، راشٹریہ بال سواستھا یوجنا،میکھا منتری سانتوانا ہریش یوجنا اور اندرا سرکشا یوجنا ان تمام منصوبوں کو اب آروگیہ کرناٹکا منصوبے میں ضم کردیا گیا ہے۔ اس منصوبے میں شامل پرائیویٹ اسپتالوں کو لازمی طور پر نوٹس بورڈ لگانا ہوگا۔ اسپتال میں دستیاب سہولتوں کو مستحقین تک پہنچانے کا کام کرنا ہوگا۔آدھار، راشن کارڈ لازمی: سورنا آروگیہ سرکشا ٹرسٹ کی طرف سے ترقی دئے گئے آٹی سافٹ ویئر کا استعمال کر کے مریضوں کا پہلی بار کسی بھی جنرل اسپتال میں علاج کرایا جاسکتا ہے۔اس دوران ان کا رجسٹریشن کرانا ہوگا۔ ایمرجنسی میں جنرل اسپتال کی سفارش پر پرائیویٹ اسپتال میں علاج کیلئے مریض کو لیجایا جاسکتاہے۔ اس وقت اس سافٹ ویر کا استعمال کر کے مریض کا نام رجسٹر کرایا جاسکتاہے۔ یہ رجسٹریشن آدھار اور راشن کارڈ کی بنیاد پر ہوگا۔ ایس ایف اے یعنی بی پی ایل کنبوں کیلئے جس میں پانچ افراد شامل ہوں فی کس 30 ہزار روپئے سالانہ کے حساب سے 1.5 لاکھ روپئے تک کا خرچ حکومت برداشت کرے گی۔ ایمرجنسی میں 50 ہزار روپئے تک کی مالی امداد فراہم کی جائے گی۔مہلک بیماریوں کیلئے 20 لاکھ روپئے: بی پی ایل کنبوں کے افراد جو مہلک بیماریوں کا شکار ہوں جیسے دل کی بیماری، کینسر، کڈنی کی بیماری کیلئے سالانہ 1.5 سے 2لاکھ روپئے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔