سیاچن : 15 دنوں میں برفانی تودہ گرنے کا دوسرا حادثہ ، برف میں دبنے سے دو جوان شہید

04:16PM Sat 30 Nov, 2019

جنوبی سیاچن گلیشیئر میں تقریبا 18 ہزار فٹ کی اونچائی پر فوج کی ایک گشتی ٹیم تودہ گرنے کی زد میں آگئی ۔ اس حادثہ میں فوج کے دو جوان شہید ہوگئے ۔  طوفان کے بعد ایولانچ ریسکیو ٹیم ( اے آر ٹی ) فورا حرکت میں آگئی اور فوج کی گشتی ٹیم کے زیادہ تر جوانوں کو باہر نکالنے میں کامیاب رہی ۔ ہیلی کاپٹر کے ذریعہ جوانوں کو محفوظ مقامات پر پہنچادیا گیا ہے ۔ حالانکہ تمام تر کوششوں کے باوجود دو جوانوں کی جانیں نہیں بچائی جاسکیں ۔
خیال رہے کہ کچھ دنوں قبل ہی دنیا کے سب سے اونچے جنگی علاقہ سیاچن گلیشیئر میں تودہ گرنے کے ایک واقعہ میں فوج کے چار جوان شہید ہوگئے تھے ۔ برف میں دبنے سے دو شہریوں کی بھی موت ہوگئی تھی ۔ فوج کے افسران کے مطابق جس علاقہ میں یہ حادثہ پیش آیا تھا ، وہ 19 ہزار فٹ یا اس سے بھی زیادہ کی اونچائی پر واقع ہے ۔ ہندوستانی فوج کے مطابق 19 نومبر کو 8 رکنی گشٹی ٹیم طوفان میں پھنس گئی تھی ۔ ان 8 میں سے سات بری طرح زخمی ہوگئے تھے ، جنہیں فورا میڈیکل ٹیم کے ساتھ ہیلی کاپٹر کے ذریعہ نزدیک کے اسپتال میں علاج کیلئے بھیج دیا گیا تھا ۔ لیکن چھ کی موت ہوگئی تھی ۔ ان چھ میں سے چار جوان اور دو قلی تھے ۔ ان سبھی کی موت ہائپوتھرمیا کی وجہ سے ہوئی تھی ۔ ہائیپوتھرمیا جسم کی وہ حالت ہوتی ہے ، جس میں بدن کی گرمی معمول سے بہت کم ہوجاتی ہے۔