مسلم فورم نے میونخ میں ہونے والے دہشت گردانہ حملہ کی مذمت کی

12:59PM Sat 23 Jul, 2016

اقوام متحدہ زود اثر دہشت گردی مخالف پالیسی کا نفاذ کرے: ڈاکٹر جسیم محمد علی گڑھ23؍جولائی: فورم فار مسلم اسٹڈیز اینڈ اینالائسس( ایف ایم ایس اے) نے میونخ ، جرمنی کے اولمپیا شاپنگ مال میں ہونے والے دہشت گردانہ حملہ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کے متعدد مقامات پر دہشت گردانہ حملے جاری ہیں اور عالمی برادری ایک زود اثر دہشت گردی مخالف پالیسی بنانے میں ناکام ہے جو تشویش کا باعث ہے۔ فورم فار مسلم اسٹڈیز اینڈ اینالائسس ( ایف ایم ایس اے)، علی گڑھ کے ڈائرکٹر ڈاکٹر جسیم محمد نے کہا کہ میونخ، جرمنی میں ہونے والے تازہ دہشت گردانہ حملہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت دنیا کے متعدد مقامات پر دہشت گردانہ حملے ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ابھی فرانس کے پیرس اور نیس شہروں میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کو لوگ بھول بھی نہیں پائے تھے کہ میونخ، جرمنی میں دہشت گردوں نے سرکاری طور پر6 اور ذرائع کے مطابق15 بے گناہ لوگوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ ڈاکٹر جسیم محمد نے کہا کہ آخر کب تک اس طرح امن پسندبے گناہ لوگ دہشت گردی کا شکار ہوتے رہیں گے؟ انہوں نے کہا کہ ہندوستان طویل عرصے سے دہشت گردی سے نبرد آزما ہے اور وزیرِ اعظم مسٹر نریندر مودی نے دہشت گردی مخالف پالیسی بناکر اس پر قدغن لگایاہے۔ ڈاکٹر جسیم محمد نے کہا کہ عالمی برادری اور اقوام متحدہ کو وزیرِ اعظم مسٹر نریندر مودی کی دہشت گردی مخالف پالیسی کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے ایک نئی دہشت گردی مخالفت پالیسی بناکر نافذ کرنی چاہئے اور دہشت گردی کو فروغ دینے والے ممالک پر اقتصادی پابندی عائد کرنی چاہئے۔ ڈاکٹر جسیم محمد نے میونخ میں ہونے والے دہشت گردانہ حملہ کے مہلوکین کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے پر امن لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دہشت گردی مخالف مہم سے براہِ راست وابستگی اختیار کریں۔