شہریت ترمیمی بل کے خلاف مظاہرہ، آسام کے سونت پور میں دفعہ 144 نافذ

03:37PM Mon 9 Dec, 2019

این سی پی نے شہریت ترمیمی بل کی مخالفت کی ہے۔ این سی پی رکن پارلیمنٹ سپریا سولے نے بل کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’اس بل کو لے کر پھر سے غور کیا جانا چاہیے۔ میرا کہنا ہے کہ اپنے ملک سے کسی کو بے گھر نہ کریں۔ یہ ہماری بنیادی ذمہ داری ہے کہ ہمیں ہر مذہب کے لوگوں کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔ مجھے لگتا ہے کہ یہ بل کام نہیں کرے گا اور سپریم کورٹ میں ضرور اٹکے گا۔ آپ اس بل کو کتنی بھی اچھی نیت سے لائے ہوں، لیکن آپ کو اس بل کو لے کر دوبارہ غور کرنا چاہیے اور اس بل کو واپس لینا چاہیے۔‘‘\
آسام میں شہریت ترمیمی بل کے خلاف مظاہرہ میں لگاتار تیزی آتی جا رہی ہے۔ ان مظاہروں کو دیکھتے ہوئے آسام کے سونت پور میں دفعہ 144 نافذ کر دیا گیا ہے۔ سونت پور کے ایس پی کمار کرشنا نے یہ جانکاری میڈیا کو دی۔
 مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کھڑگ پور میں ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے واضح لفظوں میں کہا کہ مغربی بنگال کے لوگوں کو شہریت ترمیمی بل 2019 سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہم آپ کے ساتھ ہیں۔ جب تک ہم یہاں ہیں، کوئی بھی آپ کے اوپر کوئی دباؤ نہیں بنائے گا۔‘‘