چین میں مٹی کے تودے گرنےسے 141 لوگوں کے لاپتہ ہونے کا خدشہ

11:46AM Sat 24 Jun, 2017

بیجنگ۔  چین کے جنوب مغربی صوبہ سچوان میں آج صبح مٹی کے تودے گرنے سے ایک پہاڑي گاؤں کے 46 گھر دب گئے، جس میں 141 لوگوں کے لاپتہ ہونے کا خدشہ ہے جبکہ تین افراد کو ملبے سے زندہ باہر نکالا گیا ہے۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی ژنہواں نے مقامی حکام کے حوالے سے یہ اطلاع دی ہے۔ تبت کے نزدیک شمالی سچوان کے ایک دور افتادہ پہاڑی علاقہ ماوشان کاؤنٹی کے شنمو گاؤں میں مٹی کے تودے کی زد میں 46 مکان آئے ہیں۔ صدر شی جنپنگ نے راحت اور بچاؤ مہم تیزی کے ساتھ چلانے کا حکم دیا ہے۔ حکام کے حوالے سے سرکاری میڈيا نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ اب تک صرف ایک جوڑے اور دو ماہ کے ایک بچے کو بچایا گیا ہے۔ سرکاری ٹیلی ویژن کی رپورٹوں میں دکھایا گیا ہے کہ دیہی افراد اور راحتی عملہ ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔ ژنہواں نے بتایا کہ 400 لوگ ریسکیو آپریشن میں لگے ہوئے ہیں اور موقع پر چھ ایمبولینسوں کو تعینات کیا گيا ہے اور مزید ایمبولینس بھیجے جارہے ہيں۔