قریشی برادری کے لوگوں نے اجتماعی طور پر 14؍لڑکیوں کی شادی کرائی

02:12PM Wed 3 May, 2017

ہاپوڑ۔(بھٹکلیس نیوز)قریشی برادری کے لوگوں نے اجتماعی طور پر 14؍لڑکیوں کی شادی کرائی جس میں مسلم طبقہ کی سبھی برادری کے لوگوں نے شرکت کی ۔ پروگرام میں جمعےۃ القریش کے قومی صدر سراج قریشی نے بھی شرکت کی۔ اجتماعی نکاح کے بعد دعاء کا اہتمام کیا گیا۔ گزشتہ شام قریشی برادر ی کی جانب سے بلند شہر روڈ واقع ونش گارڈن میں اجتماعی نکاح کا پروگرام منعقد ہوا اس سے قبل 26؍مارچ کو قریشی برادری کے لوگوں نے 8؍لڑکیوں کا اجتماعی نکاح کرایا تھا جس سے متأثر ہو کر جمعےۃ القریش کے لوگوں نے گزشتہ شام 14؍لڑکیوں کا نکاح کراکر سماج میں ایک بہتر کام انجام دیا ہے۔ لڑکیوں کو جہیز کے نام پر گھریلو سامان بھی دیا گیا۔ قریشی برادری کے لوگوں نے شادی کی تقریبات میں کارڈ کی لازمیت کو ختم کر کے صرف فون پر ہی دعوت دینے کے اعلان کے ساتھ ساتھ جہیز کے دکھلاوے پر مکمل پابندی کابھی اعلان کیا جس پر لوگوں نے بخوشی عمل کرکے دکھایا۔ شادیوں میں فضول خرچی پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ا س موقع پر جمعےۃ القریش کے قومی صدر سراج قریشی نے کہا کہ غیر اسلامی رسم و رواج کو ختم کر کے شرعی طور پر اجتماعی نکاح کا پروگرام منعقد کر کے قریشی برادری کے لوگوں نے سماج کو ایک بہترپیغام دینے کاکام کیا ہے۔ قریشی برادری کے لوگ مبارک باد کے مستحق ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جہیز جیسی برائی سے ہمیں بچنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ باپ کی جائیداد میں بیٹی کا حق شریعت نے مقرر کیا ہے اگر اس کو عام کیا جائے تو بہتر ہوگا ۔ اللہ کے نبی ؐ نے اس نکاح کوسب سے بہتر بتایا ہے جس میں خرچ کم کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ مردوں کو چاہئے کہ خواتین کی مہر خوش دلی سے ادا کریں بارات کی شریعت میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔ جمعےۃ القریش کے قومی نائب صدر حاجی قیصر علی قریشی نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ سماج میں پھیلی برائیوں سے بھی ہمیں اپنی نسلوں کو بچانے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے تعلیم پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے بچوں کو بہتر تعلیم دینے کی ضرورت ہے تاکہ ایک مضبوط سماج بن سکے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے بچے تعلیم یافتہ ہونگے تو ہمارا ملک بھی مضبوط ہوگا۔ انھو ں نے کہا کہ موجودہ وقت میں آپسی بھائی چارہ اور امن و امان برقرار رکھنے میں تعاون دینے کی ضرورت ہے۔ مختلف سماجی تنظیموں سے وابستہ وسماجی کارکن ایڈووکیٹ مسلم قریشی نے پروگرام کی نظامت کرتے ہوئے کہاکہ اجتماعی شادیوں کاسب سے بڑافائدہ آنے والی نسلوں کوہوگا۔ انھوں نے دیگر برادری کے لوگوں سے بھی اس طرح کے اجتماعی نکاحوں کے انتظام کی اپیل کی۔ پروگرام میں مفتی محمدایوب قریشی،حاجی محمدہاشم قریشی، حاجی محمدنعیم قریشی، حاجی ریاض احمدقریشی،محمد اسلم قریشی، حاجی یاد الٰہی قریشی، عارف پردھان قریشی، حاجی صغیر قریشی،حاجی زاہد قریشی، حاجی نظام الدین قریشی، حاجی اقبال قریشی، افضال قریشی،حاجی توحید قریشی وغیرہ خاص طورپرقابل ذکر ہیں۔