ہند۔ یو اے ای کے درمیان دفاعی و اسٹریٹجک پارٹنرشپ سمیت 14 شعبوں میں مفاہمت ناموں پر دستخط

02:49PM Wed 25 Jan, 2017

ہندوستان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے آج وزیر اعظم نریندر مودی اور ابوظہبی کے ولی عہد شہزادہ محمد بن زائد النہیان کے درمیان وفود کی سطح پر بات چیت کے بعد 14 معاہدوں پر دستخط کئے، جن میں دفاعی صنعت اور دفاعی شراکت کو ادارہ جاتی شکل دینے کے مفاہمت نامے بھی شامل ہيں۔ دوطرفہ بات چیت کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے متحدہ عرب امارات کو ہندوستان کی ترقی میں بیش قیمت شراکت دار ملک قرار دیتے ہوئے ابوظہبی کے ولی عہد شہزادہ محمد بن زائد النہیان کے دورے کو خصوصی نوعیت کا حامل دورہ قرار دیا۔ نریندر مودی نے شہزادہ محمد بن زائد النہیان کے ساتھ اپنی بات چیت کو انتہائی نتیجہ خیز اور ثمر آور بتاتے ہوئے کہا کہ دوطرفہ بات چیت میں توانائی اور سرمایہ کاری جیسے کلیدی شعبوں میں پارٹنرشپ کی رفتار کو برقرار رکھنے کے لئے کئے جانے والے باہمی فیصلوں کے نفاذ پر توجہ دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی نظر میں متحدہ عرب امارات دنیا کا ایک اہم ترین علاقہ ہے اور علاقائی تعصب و دہشت گردی کے خطرے سے نمٹنے کے معاملے میں ہندوستان کا شریک ہے۔ نریندر مودی نے متحدہ عرب امارات کی کمپنیوں کو ہندوستان کے مینوفیکچرنگ و خدمات کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ۔