اب دہلی میں موب لنچنگ، ​​بھیڑ نے ایک 14 سالہ لڑکے کو پیٹ پیٹ کر مار ڈالا

12:14PM Sat 27 Jul, 2019

ابھی تک ملک کے دیگر حصوں سے موب لنچنگ کی خبریں آرہی تھیں، لیکن اب دارالحکومت دہلی میں بھی موب لنچنگ کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ یہاں کے آدرش نگر کے لال باغ علاقہ  میں چوری کے شک میں ایک 14 سالہ نابالغ کو پیٹ پیٹ کر اس کا قتل کر دیا گیا۔ پولیس نے اس معاملے میں کارروائی کرتے ہوئے 6 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ اس دوران کچھ لوگوں نے ویڈیو بھی بنا لیا۔ جس وقت پولیس موقع پر پہنچی ، نوجوان بیہوشی کی حالت میں تھا۔ اسے فوری طور پر اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ جہاں علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی۔
 میڈیا رپورٹوں کے مطابق، آدرش نگر کے لال باغ کلسٹر میں جمعہ کی صبح تقریباً 4 بجے ایک گھر میں پڑوس میں رہنے والا نابالغ ساحل گھر میں گھس گیا۔ اسی دوران مکان مالک مکیش کی نیند کھل گئی اور اس نے مبینہ طور پر چوری کرنے کی نیت سے گھسے ساحل کو دیکھ لیا۔ جیسے ہی اس نے چور-چور کی آواز لگائی، سبھی لوگ جاگ گئے اور جمع بھیڑ نے ساحل کی پٹائی کر دی۔ خبر ملنے پر وہاں پہنچی پولس نے ساحل کو بابو جگجیون رام اسپتال میں داخل کرایا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا۔