پی ایم ایل اے معاملہ :عدالت نے روہت ٹنڈن، دو دیگر کو 14دن کی عدالتی حراست میں بھیجا

01:25PM Tue 3 Jan, 2017

نئی دہلی، (بھٹکلیس نیوز) دہلی کی ایک عدالت نے آج متنازعہ وکیل روہت ٹنڈن کو 14دن کی عدالتی حراست میں بھیج دیا۔بلیک منی روک تھام مہم کے دوران ٹنڈن کی لاء فرم سے 13.6کروڑ روپے کی نقد رقم کی مبینہ ضبطی معاملہ میں منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے سلسلے میں ای ڈی نے انہیں گرفتار کیا تھا۔ٹنڈن کے علاوہ عدالت نے منی لانڈرنگ تصفیہ ایکٹ(پی ایم ایل اے ) کے الگ الگ معاملوں میں گرفتار کئے گئے کولکا تہ کے ایک تاجر پارس ایم لوڑھا اور کوٹک مہندرا بینک کی ایک شاخ مینیجر آشیش کمار کو بھی 16؍جنوری تک کے لیے تہاڑ جیل بھیج دیا۔اس سے پہلے ای ڈی نے کہا کہ ان کو حراست میں رکھ کر پوچھ تاچھ کی ضرورت نہیں ہے۔ای ڈی کی حراست کی مدت ختم ہونے پر آج تمام ملزمان کو عدالت کے سامنے پیش کیا گیاتھا۔بڑے نوٹوں کوبندکئے جانے کے بعد ہوئی چھاپہ ماری کے بعد ٹنڈن کو گزشتہ سال 29؍دسمبر اور لوڑھا کو 21؍دسمبر کو گرفتار کیا گیا تھا۔ٹنڈن اور لوڑھا دونوں نے ضمانت کی عرضی دی ہے جس پر بالترتیب 4 اور 6؍ جنوری کو سماعت ہوگی۔ایڈیشنل سیشن جج آر کے ترپاٹھی نے ٹنڈن اور لوڑھا کی جانب سے مناسب دوائیں مہیا کرانے کے مطالبہ والی درخواست بھی قبول کر لیاہے ۔دونوں مختلف بیماریوں میں مبتلا ہیں۔عدالت نے اس کے بعد جیل سپرنٹنڈنٹ کو ملزمان کی طرف سے مانگی گئی ضروری دوائیں اور کھانا فراہم کرنے کی ہدایت دی۔وہیں عدالت نے آشیش کمار کی اس درخواست کو مسترد کر دیا جس میں ملزم نے اپنی بیٹی کے اسکول کی فیس جمع کرانے کے لیے اپنے اکاؤنٹس کر لین دین پر لگائی گئی پابندی ہٹانے کی اپیل کی تھی ،عدالت نے کہا کہ اسکول بند ہونے کی وجہ سے فی الحال اس کی ضرورت نہیں ہے۔ (پاسبان نیوز)