قومی ماہنامہ دا علی گڑھ موومینٹ کے زیرِ اہتمام 14؍اکتوبر کو سرسید پر قومی سیمینار کا انعقاد
06:16AM Wed 12 Oct, 2016
سرسید کے فلسفہ اور خدمات سے نوجوان نسل کو ترغیب حاصل کرنی چاہئے : ڈاکٹر جسیم محمد
علی گڑھ11؍اکتوبر: ملک کے باوقار قومی ماہنامہ دا علی گڑھ موومینٹ کے زیرِ اہتمام علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے بانی سرسید احمد خاں کے199ویں یومِ پیدائش کے موقع پر14؍اکتوبر2016کو اے ایم یو کے یونیورسٹی پالی ٹیکنک(بوائز) میں ’’ تعلیم کی ترویج و اشاعت: سرسید کو سچا خراجِ عقیدت‘‘ موضوع پر قومی سیمینار کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
پروگرام کے کنوینر اور قومی ماہنامہ دا علی گڑھ موومینٹ کے مدیرِ اعلیٰ ڈاکٹر جسیم محمد نے بتایا کہ ماہنامہ دا علی گڑھ موومینٹ ہر سال سرسید احمد خاں کے یومِ پیدائش پر سرسید کی حیات و خدمات کے مختلف پہلوؤں پر قومی سیمینار کا انعقاد کرتا ہے تاکہ نوجوان نسل کو سرسید کی خدمات اور فکر سے متعارف کراکے ان میں سرسید شناسی کو فروغ دیا جاسکے۔انہوں نے بتایا کہ اس سال قومی ماہنامہ دا علی گڑھ موومینٹ کے زیرِ اہتمام14؍اکتوبر2016کو سہ پہر3.00بجے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے یونیورسٹی پالی ٹیکنک( بوائز ) کے آڈیٹوریم میں’’ تعلیم کی ترویج و اشاعت: سرسید کو سچا خراجِ عقیدت‘‘موضوع پر قومی سیمینار کا انعقاد کیا جائے گا جس میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے وائس چانسلر لیفٹیننٹ جنرل ضمیر الدین شاہ( ریٹائرڈ) مہمانِ خصوصی اور پرو وائس چانسلر برگیڈیئر سید احمد علی( ریٹائرڈ) اعزازی مہمان کی حیثیت سے شرکت فرمائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ سیمینار کی صدارت ممتاز شاعر، نغمہ نگار و کوی اور اترپردیش بھاشا سنستھان کے صدر پدم بھوشن جناب گوپال داس نیرج کریں گے۔
ڈاکٹر جسیم محمد نے بتایا کہ مذکورہ سیمینار میں وائس چانسلر لیفٹیننٹ جنرل ضمیر الدین شاہ ماہنامہ دا علی گڑھ موومینٹ کے زیرِ اہتمام سرسید مضمون نویسی مقابلہ۔2016کے فاتحین کو انعامات اور شرکائے مقابلہ کو سرٹیفکیٹ عطا فرمائیں گے۔انہوں نے مزید بتایا کہ وائس چانسلر لیفٹیننٹ جنرل ضمیر الدین شاہ اور پدم بھوشن گوپال داس نیرج کے دستِ مبارک سے پروفیسر ذکیہ اطہر صدیقی کو تعلیم نسواں اور ممتاز فکشن رائٹر محترمہ ڈاکٹر نمیتا سنگھ کو ادب کے میدان میں ان کے قابلِ ذکر حاصلات پر سرسید ایکسیلینس ایوارڈ۔2016سے سرفراز کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ پروگرام میں علی شا پبلیکیشنزپرائیویٹ لمیٹیڈ کی شائع کردہ ڈاکٹر جسیم محمد کی کتاب’’ سرسید احمد خاں اور علی گڑھ موومینٹ‘‘ اور ڈاکٹر جسیم محمد کی ترتیب کردہ سی ڈی’’ یہ میرا چمن‘‘ کا اجراء بھی عمل میں آئے گا۔
ڈاکٹر جسیم محمد نے بتایا کہ قومی سیمینار سے ملک کے ممتاز دانشور اور ماہرینِ تعلیم خطاب کریں گے جس کے آخر میں سرسید کی حیات و خدمات پر ڈاکٹر جسیم محمد کی تیار کردہ ڈاکیومنٹری فلم’’ یہ میرا چمن‘‘ کی نمائش کی جائے گی۔