اٹلی میں کورونا وائرس کے قہر سے تقریبا 14 ہزار افراد ہلاک، ایران کے پارلیمنٹ کے اسپیکر میں کورونا کی تشخیص
12:22PM Fri 3 Apr, 2020
روم۔ اٹلی میں کورونا وائرس ’ كووڈ 19‘ کا قہر تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں 760 افراد کی ہلاکت کے بعد ملک میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 13،915 ہو گئی ہے ۔ محکمہ شہری دفاع کی جانب سے جمعرات کو جاری کئے گئے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک میں اب تک 115،242 افراد اس وائرس کی گرفت میں آ چکے ہیں ۔ محکمہ کے سربراہ ینجیلو بوریلی نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بدھ کے بمقابلہ جمعرات کو 2477 نئے کیسز درج کیے گئے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ اٹلی میں فی الحال کورونا وائرس کے 83،048 کیسز ہیں جن میں سے 28،540 متاثرین کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے اور 4053 متاثرہ انتہائی نگہداشت میں ہیں اور بقیہ کو گھریلو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے ۔
ینجیلو کے مطابق جمعرات کو 1431 افراد صحتیاب ہوئے ہیں جنہیں ملا کر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 18،278 ہو گئی ہے ۔ عالمی وبا کورونا وائرس سے دنیا بھر میں اب تک 46،291 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ تقریبا 925،132 افراد اس سے متاثر ہیں ۔
وہیں، ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر علی لاریجانی میں بھی کورونا وائرس ’ كووڈ 19‘ کی تشخیص ہوئی ہے ۔ ایران اسٹوڈنٹس نیوز ایجنسی نے یہ اطلاع دی ۔ ایجنسی کے مطابق، لاریجانی کورونا وائرس کی جانچ میں مثبت پائے گئے ہیں جس کے بعد انہیں قرنطینہ میں منتقل کر دیا گیا اور ان کا علاج شروع کر دیا گیا ہے ۔ ایران میں جمعرات کورونا وائرس کے 2875 نئے کیسز سامنے آنے کے ساتھ ہی یہاں کورونا متاثر ین کی تعداد 50486 ہو گئی ہے ۔
صحت اور طبی تعلیم کی وزارت کے اطلاعات عامہ اور انفارمیشن سینٹر کے سربراہ كنوش جهانپور نے بتایا کہ ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 124 افراد کی موت ہوئی ہے اور اس طرح ملک میں اب تک اس مہلک وائرس کی وجہ سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 3160 ہو گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک ملک میں 16711 کورونا متاثرین صحت یا ب ہوئے ہیں، جبکہ 3956 افراد کی حالت نازک ہے ۔