اب تک کورونا سے محفوظ ہلیال تعلقہ میں بھی کھلا کورونا کا کھاتہ: 14 سالہ لڑکے میں کورونا کوڈ 19 کی تصدیق۔ ضلع میں آج کورونا کے دو مریض

12:53PM Sun 7 Jun, 2020

کاروار: 7 جون،20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ضلع اتر کینرا میں انکولہ اور ہلیال تعلقہ میں اب تک کورونا کا کوئی مریض نہیں پایا گیا تھا لیکن آج آئی رپورٹ کے مطابق ضلع کے ہلیال تعلقہ میں بھی کورونا نے اپنا کھاتہ کھول دیا ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق یہاں کیرالہ سے لوٹے ایک 14 سالہ لڑکے کی رپورٹ کورونا پوزیٹیو موصول ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق لڑکا 3 جون کو اپنے والد اور بھائی کے ساتھ کیرالہ سے ہلیال آیا تھا اور اسی وقت ان سب کو ایک ہوٹل میں کورنٹائن کیا گیا تھا اور ان کے تھوک کے نمونے جانچ کے لیے بھیجے گئے تھے جس میں سے آج ایک لڑکے کو کورونا ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ اسی طرح آج اترکینرا ضلع کے کاروار میں 24سالہ خاتون بھی کورونا پوزیٹیو پائی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ قطر سے لوٹنے والے اس شخص کے رابطہ میں تھی جس کی رپورٹ دو دن پہلے کورونا پوزیٹیو موصول ہوئی تھی۔ کورونا کا معاملہ سامنے آنے کے بعد ان دونوں کو کاروار کیمس میں بھرتی کیا گیا ہے۔