ضلع اتر کینرا اورینج زون سے ایلّو زون میں پہنچا؛ ضلع میں 14  دنوں سے کورونا پوزیٹیو کا کوئی نیا معاملہ نہیں

04:26PM Tue 28 Apr, 2020

بھٹکل: 28 اپریل، 20  (بھٹکلیس نیوز بیورو) ضلع اتر کینرا میں پچھلے 14 دنوں سے کورونا پوزیٹیو کا کوئی نیا معاملہ سامنے نہیں آیا ہے جس کے بعد حکومت کی طرف سے جاری نئی فہرست میں اسے اورینج زون سے ہٹا کر ایلّو زون میں لایا گیا ہے جو کہ بھٹکل سمیت اترکینرا ضلع والوں کے لیے ایک اچھی خبر ہے۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق بھٹکل کے کورنٹائن سینٹر میں موجود چار لوگوں کی رپورٹ منفی آنے کے بعد ان چاروں کو آج گھر بھیج دیا گیا ہے جس میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔ ان چار لوگوں کو گھر بھیجے جانے کے بعد اب بھٹکل کے  کورنٹائن سینٹر میں دو خواتین اور ایک نوجوان سمیت جملہ تین لوگ موجود ہیں۔ خیال رہے کہ بھٹکل سے تعلق رکھنے والے گیارہ افراد کورونا سے متاثر تھے جن میں سے اب تک دس افراد صحت یاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک شخص کاروار پتنجلی اسپتال میں زیرعلاج ہے جس کی صحت بھی بہتر بتائی گئی ہے۔