بنگلورو کا حج بھون اب جیل میں تبدیل ، پادرائن پورہ کے 137 ملزمین کو کیا گیا منتقل

03:45PM Tue 28 Apr, 2020

کورونا وائرس لاک ڈاون کے دوران بنگلورو میں واقع حج بھون کو اب جیل میں تبدیل کردیا گیا ہے ۔ دراصل بنگلورو کے پادرائن پورہ میں حال ہی میں پیش آئے پرتشدد واقعات کے ملزمین کو رام نگر کی جیل سے حج بھون لایا گیا ہے اور اب انہیں یہیں رکھا جائے گا ۔ گزشتہ رات سات بسوں کے ذریعہ مجموعی طور پر پادرائن پورہ کے 137 ملزمین کو حج بھون منتقل کیا گیا ۔ قابل ذکر ہے کہ کچھ دنوں قبل کوارنٹائن کرنے آئے عملہ اور پولیس پر پادرائن پورہ میں حملہ کیا گیا تھا اور اس سلسلہ میں گرفتاریاں عمل میں آئی تھیں ۔ ملزمین کو بنگلورو کے نزدیک واقع رام نگر جیل میں رکھا گیا تھا ۔ تاہم جے ڈی ایس لیڈر ایچ ڈی کمارا سوامی نے اس کی مخالفت کی تھی ۔ اب اسی مخالفت کے پیش نظر ان ملزمین کو رام نگر کی جیل سے حج بھون منتقل کیا گیا ہے ۔