روس: وولگوگریڈ کے ٹرین سٹیشن میں خودکش دھماکہ، 13 ہلاک
02:37PM Sun 29 Dec, 2013
روس کے انسداد دہشت گردی کمیٹی کا کہنا ہے کہ ملک کے جنوبی شہر وولگوگریڈ کے ٹرین سٹیشن میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں کم از کم تیرہ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
کمیٹی کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے بعد خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ خودکش دھماکہ ایک عورت نے کیا ہے۔
واضح رہے کہ وولگوگریڈ ہی میں اکتوبر میں ایک خاتون خودکش بمبار نے ایک بس کو نشانہ بنایا تھا جس میں چھ افراد ہلاک ہوئے تھے۔
روسی حکام کو تشویش ہے کہ سرما اولمپکس سے قبل شدت پسندوں کے حملوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ یاد رہے کہ سرما اولمپکس چھ ہفتے بعد روس کے شہر سوچی میں منعقد ہوں گے۔
وولگوگریڈ ماسکو سے نو سو کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
کریملن کے ترجمان کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ روسی صدر پیوتن نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی ہے کہ سکیورٹی کو مزید سخت کردیا جائے۔
فیڈرل پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ اس دھماکے کے بعد تمام ٹرین سٹیشنز اور ہوائی اڈوں پر سکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔
روسی خبر رساں ادارے انٹر فیکس کے مطابق یہ دھماکہ ٹرین سٹیشن کے داخلی راستے پر نصب چیکنگ کی مشین کے قریب ہوا۔
اس دھماکے کی ذمہ داری ابھی تک کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔
قومی انسداد دہشت گردی کمیٹی کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے ’ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ خود کش دھماکہ ایک خاتون حملہ آور نے کیا ہے۔‘
رواس سال جولائی میں چیچن جنگجوؤں کے سربراہ نے انٹرنیٹ پر ایک ویڈیو پیغام ڈالا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ سرما اولمپکس سے قبل زیادہ سے زیادہ حملے کیے جائیں۔