پی یو سی دوم کے کیمسٹری کا پرچہ پھر ایک بار افشاء ؛ 12 ؍اپریل کو ہوگا دوبارہ امتحان
10:35AM Thu 31 Mar, 2016
بھٹکلیس نیوز؍ 31 مارچ، 16
بھٹکل ؍ بنگلورو؍ (نامہ نگار) پی یو سی دوم کا ملتوی شدہ پرچہ پھر ایک بار افشاء ہوجانے سے اب اس امتحا ن کو 12؍اپریل تک کے لئے ملتوی کردیا گیا ہے۔ تاہم اس وجہ سے طلبہ اور ان کے والدین کو سخت پریشانی اور تشویش کا سامنا ہے۔ جیسے ہی آج صبح طلبہ کو امتحان کے ملتوی ہونے کا علم ہوا تو طلبہ مشتعل ہوگئے اور کئی جگہوں پر سنگ باری اور نعرے بازی کے واقعات پیش آئے۔اطلاع کے مطابق سی آئی ڈی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ دو جگہوں پر اس بار پرچےافشاء کئے گئے ہیں ۔
اس تازہ واقعہ کے بعد اپوزیشن پارٹی کے کئی لوگوں نے وزیر تعلیم کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ہے لیکن وزیر تعلیم مسٹر کمنے رتنا کر نے اسے بورڈ کی غلطی بتائی ہے اور کہا کہ اس سلسلہ میں حکومت نے فوری کارروائی کرتے ہوئے40؍افسران کو معطل کردیا ہے۔
خیال رہے کہ ریاست بھر میں آج 1.74 لاکھ طلبہ کیمسٹری کا امتحان دینے والے تھے،اور اس سے قبل 21؍مارچ کو ان طلبہ نے امتحان دیا تھا لیکن پرچہ کے افشاء ہوجانے سے اس پیپر کو رد کیا گیا تھا ۔