کیرالہ ہائی کورٹ نے میڈیکل امتحان میں مسلم لڑکیوں کو حجاب پہننے کی دی مشروط اجازت
12:59PM Wed 27 Apr, 2016
کوچی۔ کیرالہ ہائی کورٹ نے منگل کو مسلم لڑکیوں کو آل انڈیا میڈیکل داخلہ امتحان 2016 میں حجاب پہننے کی اس شرط پر اجازت دی کہ اگر ضرورت پڑی تو وہ تحقیقات کے لئے امتحان سے نصف گھنٹے پہلے حاضر ہوں گی۔ جسٹس محمد مشتاق نے آمنہ بنت بشیر کی طرف سے دائر ایک رٹ پٹیشن پر سماعت کرتے ہوئے یہ حکم جاری کیا۔ پٹیشن میں میڈیکل امتحان کرانے سے متعلق بلیٹن میں سی بی ایس ای کی طرف سے امیدواروں کے لئے طے شدہ ڈریس کوڈ کو چیلنج کیا گیا تھا۔
جج نے اس شرط پر درخواست قبول کیا کہ لڑکیاں امتحان سے آدھے گھنٹے پہلے موجود ہوں گی اور ضرورت پڑی تو ان کی تلاشی لی جائے گی۔ درخواست گزار نے پٹیشن میں کہا تھا کہ امتحان کے لئے طے شدہ ڈریس کوڈ اس کی مذہبی آزادی کی خلاف ورزی ہے۔
گزشتہ سال کیرالہ ہائی کورٹ کی ایک جج کی بینچ نے دو مسلم طالبات کو سی بی ایس ای میڈیکل داخلہ امتحان میں بیٹھنے کے لئے حجاب پہننے کی اجازت دی تھی۔