کولم مندر حادثے میں اب تک 112 افراد کی موت ، پانچ گرفتار ، مندرکی انتظامیہ سے وابستہ افراد فرار
12:05PM Mon 11 Apr, 2016
کولم : اتوار کو کیرالہ میں کولم کے پتتگل مندر میں ہوئے حادثے میں اب تک 112 افراد کی موت ہو چکی ہے ۔ پانچ لوگوں کی شناخت کی گئی ہے ، جو مندر کے احاطے میں آتشبازی کرنے میں شامل تھے ۔ کیرالہ کے ڈی جی پی نے پیر کی صبح بتایا کہ آتش بازی کے لئے ذمہ دار پانچ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے اور ان سے پوچھ گچھ جاری ہے ۔
پولیس نے حادثے کے بعد پتنگل مندر کی انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے ۔ کیس درج ہونے کے بعد سے ہی مندر انتظامیہ کے لوگ فرار ہو گئے ہیں اور پولیس ان کی تلاش کر رہی ہے ۔ معلومات کے مطابق اس حادثے میں سریندرن نام کے شخص کے خلاف بھی کیس درج کیا گیا ہے ۔ اس پر طے حد سے دس گنا زیادہ پٹاکھے جمع کرنے کا الزام ہے ۔
خیال رہے کہ اتوار کو علی الصبح تقریبا ساڑھے 3 بجے کیرالہ میں پتتگل مندر میں آتش بازی کے دوران خوفناک حادثہ ہو گیا تھا ، جس میں اب تک 110 لوگوں کی جانیں چلی گئی ہیں ، جبکہ 350 سے زیادہ لوگ زخمی ہیں ۔ مندر کے احاطے میں آتشبازی کے دوران پٹاکھے کی چنگاری پٹاکھے کے اسٹوررم میں جا گری ، جس سے زور دار دھماکہ ہوگیا ۔