داعش سے مبینہ تعلقات کے الزام میں حیدرآباد میں 11 نوجوانوں کو حراست میں لے لیا گیا

08:29AM Wed 29 Jun, 2016

حیدرآباد ۔ تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد کے پرانے شہرمیں داعش کے ساتھ مبینہ تعلقات کے الزام میں 11 نوجوانوں کو حراست میں لیاگیا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ ان نوجوانوں کے قبضہ سے بھاری تعداد میں ہتھیاربھی برآمد کئے گئے۔ این آئی اے نے ‘ تلنگانہ پولیس اور سٹی کے ساتھ مل کر یہ مشترکہ کاروائی کی ہے۔ این آئی اے کا دعوی ہے کہ یہ نوجوان شہر میں دھماکہ سمیت کئی خوفناک واردات انجام دینے کی سازش کررہے تھے۔ پرانے شہر کے میر چوک ‘ بارکس ‘ چندرائن گٹہ ‘ مغل پورہ ‘ تالاب کٹہ ‘ بھوانی نگر ‘ فلک نما علاقوں کے پندرہ گھروں پر آج صبح اچانک یہ چھاپے مارے گئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ گرفتار نوجوان بی ٹیک کے طلبہ ہیں۔ یہ بھی کہا جارہا ہے کہ فیس بک پر ان کی دوستی ہوئی تھی اور یہ تمام مبینہ طور پر اپنا گروپ بنانا چاہتے تھے ۔ گرفتار نوجوانوں میں بتایا جاتا ہے کہ دہلی ‘ اترپردیش کے نوجوان بھی شامل ہیں ۔ این آئی اے خفیہ مقام پر منتقل کرتے ہوئے ان سے پوچھ تاچھ کررہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ تمام نوجوان حیدرآباد میں جمع ہوئے تھے ۔