وزیر کھیل وجے گوئل نے ’’11ملین مشن ‘‘کا افتتاح کیا

03:11PM Sat 11 Feb, 2017

نئی دہلی،10فروری(آئی این ایس انڈیا) ملک بھر کے اسکول کے بچوں میں فٹ بال کے کھیل کو مقبول بنانے کے مقصدسے آج وزیر کھیل وجے گوئل نے’’ 11ملین مشن‘‘کا افتتاح کیا۔اس کے تحت 12ہزار اسکولوں کے 11ملین طالب علموں تک اس کھیل کو پہنچایا جائے گا۔وزیر کھیل نے اس موقع پر تمام ریاستوں کی نمائندگی کرنے والے ایک ایک اسکول بچے کو فٹ بال والا تحفے دے کر 11ملین مشن کی شروعات کی۔اس موقع پر وزیر کھیل وجے گوئل نے کہا کہ جس طرح ملک کی گلیوں میں کرکٹ کھیلا جاتا ہے۔اسی طرح ہمارا مقصد 11ملین مشن کے تحت ملک کے 12ہزار اسکولوں میں فٹ بال کو پہنچانا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس مشن کو پورا کرنے میں اسکول اور والدین کا تعاون لیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد کشمیر سے کنیا کماری تک فٹ بال کو مقبول بنانا ہے تاکہ اسکولی بچے اس کھیل میں دلچسپی لے کر ریاستی، قومی اور بین الاقوامی مقابلوں میں ملک کا نام روشن کر سکیں۔اس موقع پر آل انڈیا فٹ بال فیڈریشن کے صدر اور سابق مرکزی وزیر پرفل پٹیل نے کہا کہ اس مشن کا مقصد ملک میں ایسے فٹ بال کھلاڑی پیدا کرنا ہے جو کہ سال 2022میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ فٹ بال مقابلے میں کوالیفائی کر سکیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس مشن سے ملک مستقبل میں بین الاقوامی فٹ بال مقابلوں میں مضبوط دعویدار بن سکے گا۔