ضلع اتر کینرا میں آج کورونا کے 11 نئے معاملات: بھٹکل پہنچنے تک یلاپور کے نوجوان کی رپورٹ آئی پوزیٹیو
02:29PM Thu 25 Jun, 2020
کاروار: 25 جون، 20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ضلع اتر کینرا میں آج ایک ہی دن میں مختلف تعلقہ جات سے کورونا کے 11 نئے معاملات سامنے آئے ہیں جن میں یلاپور کا ایک 29 سالہ نوجوان بھی شامل ہے۔
اس نوجوان کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ یہ کویت سے 17 جون کو مینگلور لوٹا تھا اور اسی وقت مینگلور کے وینلاک اسپتال میں اپنے تھوک کے سیمپل جانچ کے لیے دینے کے بعد ایک ہوٹل میں کورنٹائن ہوگیا تھا۔ سات دن بعد اس ہوٹل کے مینیجر نے نوجوان کی رپورٹ کورونا نگیٹیو آنے کی خبر دی اور اسے گھر جانے کی اجازت دے دی۔ لیکن بعد میں پتہ چلا کہ نوجوان کی رپورٹ دینے میں گڑبڑی ہوئی ہے اور اس کی رپورٹ پوزیٹیو موصول ہوئی ہے۔
اس خبر کے ملنے کے بعد نوجوان سے فوری رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی لیکن نوجوان کا فون پر رابطہ نہیں ہوسکا جس کی وجہ سے اس کو میسیج کے ذریعہ اس کی رپورٹ پوزیٹیو موصول ہونے کی خبر دی گئی اور ساتھ ہی ساتھ اسے کہا گیا کہ وہ جہاں ہے وہیں کے سرکاری اسپتال میں چلا جائے۔ اطلاع کے مطابق نوجوان اس وقت بھٹکل پہنچ گیا تھا اور اس نے اطلاع ملتے ہی خود کو بھٹکل سرکاری اسپتال میں بھرتی کردیا۔
بتایا گیا ہے کہ نوجوان کا تعلق یلاپور سے ہے مگر اس کا سسرال بھٹکل کے مدینہ کالونی میں ہے اور یہ جس کار پر سوار ہوکر یلاپور جارہا تھا اس میں ہبلی کے دو لوگ بھی سوار تھے۔
اس کے علاوہ جن کی رپورٹ آج کورونا پوزیٹیو موصول ہوئی ہے ان میں منڈگوڈ کی تبت کالونی کے دو مرد اور ایک 16 سالہ لڑکی، ہلیال کی دو لڑکیاں، ہوناور کا ایک نوجوان، جوئیڈا کا ایک مرد، سرسی کا ایک شخص، دہلی سے ڈانڈیلی لوٹا 50 سالہ شخص اور یلاپور کا تین سالہ بچی شامل ہے۔
اطلاع کے مطابق منڈگوڈ اور ڈانڈیلی کو چھوڑ کر آج کے تمام معاملات میں لوگ مہاراشٹرا سے لوٹے تھے۔