امریکہ کے ورجینیا بیچ کی سرکاری عمارت پر فائرنگ،11 افراد ہلاک
11:09AM Sat 1 Jun, 2019
امریکہ کے صوبہ ورجینیا میں جمعہ کو ورجینیا میونسپل سینٹر کی عمارت میں ایک شخص نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس سے 11 افراد کی موت ہو گئی اور چھ دیگر شدید زخمی ہو گئے۔ ورجینیا پولیس کے سربراہ جم سرویرا نے اس فائرنگ میں 11 افراد کے مارے جانے کی تصدیق کی ہے۔
سی این این نے اپنی رپورٹ میں پولیس کے حوالے سے بتایا کہ فائرنگ کا یہ واقعہ ورجینیا کے بیچ میونسپل سینٹر کی عمارت میں جمعہ بعد دوپہر اس وقت پیش آیا جب لوگ یہاں تجارتی کام کاج کے لئے آ رہے تھے۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کرنے والا ملزم بھی یہیں کا ملازم تھا۔ بتایا جا رہا ہے کہ پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کرنے والے شخص کو ہلاک کردیا ہے لیکن ابھی تک ملزم حملہ آور کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔
واضح ر ہے کہ امریکہ میں گزشتہ سال نومبر کے بعد ہونے والی فائرنگ کا یہ سب سے خطرناک واقعہ ہے۔ اس سے پہلے نومبر میں کیلیفورنيا کے بارڈرلائن بار اینڈ گرل میں ہوئی فائرنگ کے واقعہ میں 12 لوگوں کی موت ہو گئی تھی۔