"ہجومی قتل کے خلاف مزاحمت " ایس ڈی پی آئی کی جانب سے 1 تا 25اگست ملک گیر عوامی مہم کاانعقاد
02:17PM Sun 30 Jul, 2017
کرناٹک کے عوام ایس ڈی پی آئی کے عوامی مہم میں شریک رہیں۔ عبدالمجید
میسور۔(بھٹکلیس نیوز)۔سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا کے ریاستی جنرل سکریٹری عبدالمجید کوڈلی پیٹ نے میسور پریس کلب میں منعقد اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ایس ڈی پی آئی کی جانب سے ملک گیر سطح پر یکم تا 25اگست 2017 "ہجومی قتل کے خلاف مزاحمت" کے عنوان کے تحت عوامی مہم کا انعقاد کر رہی ہے۔اس مہم کا مقصد 'گؤ رکشک " کے نام پر ملک میں جو خونریز صورتحال پیدا ہوئی ہے اس کے تئیں عوام میں بیداری لاکر انہیں اس ظلم کے خلاف مزاحمت کرنے کے لیے متحد کرنا ہے۔ دہشت پھیلانے والے ان فرقہ وارانہ گؤ رکشک غنڈوں کی وجہ سے ملک کے سینکڑوں مسلمان اور دلت خاندان متاثر ہوئے ہیں۔ آرایس ایس اور بی جے پی کی پشت پناہی سے ان غنڈوں کی وجہ سے اب تک 39معصوم افراد جاں بحق ہوئے ہیں اور سینکڑوں افراد زخمی اورمتاثر ہوئے ہیں۔ حیران کن حقیقت یہ ہے کہ مرکزی اور ریاستی بی جے پی حکومتوں والے ریاستوں میں اس طرح کے ہجومی قتل کے واقعات سامنے آنے کے باوجود حکومتیں اور ریاستی وزیر اعلی خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔ سنگھ پریوار کی حمایت اور حوصلہ افزائی کے ساتھ گؤ رکشک غنڈے مویشی تاجران، مویشیوں کو لے جانے والے ٹرک مالکان اور یہاں تک کہ بیف کا گوشت پکانے اور کھانے پر مسلمانوں اور مسلم مویشی تاجران پر جان لیوا حملے کرتے آرہے ہیں۔ اس طرح کے کئی واقعات میں ان کا نشانہ صرف مسلمان ہیں نہ کہ مویشی تاجر اور مویشیوں کے نقل و حمل کرنے والے تاجران ہیں۔ دوسری طرف وزیر اعظم نریندر مودی کے نرم اور غیر واضح بیان سے پتہ چلتا ہے کہ وہ گؤ رکشکوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے اور اس ملک کے اپنے مسلمان شہریوں کی حفاظت کرنے میں انہیں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ ایس ڈی پی آئی ریاستی جنرل سکریٹری عبدالمجید نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا ملک کے کونے کونے میں جاکر بھیڑقتل کی مزاحمت کرنے کے لیے عوام کو متحد کرے گی۔ اسی طرح ریاست کرناٹک میں بھی دیہی علاقے، اسمبلی ، ضلعی اور ریاست کے اہم شہروں میں پارٹی گیٹ ٹوگیدر پروگرامس، سمینار، ریالیاں، بڑے پیمانے پر عوامی اجلاس ، ولیج سرکھشا سمیتی، سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کے نام آن لائن پٹیشن، پوسٹر اور ہینڈ بل تقسیم وغیرہ کے ذریعے عوام میں بیدار ی لاکر انہیں متحد کرے گی۔ اس عوامی مہم کا آغاز یکم اگست 2017کو جئے پور میں ہوگا اور اختتام 25اگست 2017کو ہوگا۔ اختتامی دن کو "گھر سے باہر آؤ" ( COME OUT OF HOME) کے نام سے پلے کارڈس اور بینرس کے ساتھ بازوؤں میں کالی پٹی باندھ کر عوام کو سڑکوں پر جمع کیا جائے گا۔ ریاستی جنرل سکریٹری عبدالمجید نے ریاست کرناٹک کے عوام سے اپیل کیا کہ وہ ملک کے موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے گؤ رکشکوں کی دہشت گردی سے ہمارے ملک کو بچانے کے لیے ایس ڈی پی آئی کے اس ریاست گیر عوامی مہم میں شریک رہیں ۔ اس پریس کانفرنس کے میں ریاستی سکریٹری افسر کوڈلی پیٹ، میسور ضلعی جنرل سکریٹری امجد خان، میسور سٹی کارپوریٹر ایس ۔ سوامی، SDTUکرناٹک اسٹیٹ ممبر آلور مللانہ اور میسور ضلعی میڈیا انچارج تبریز سیٹھ موجود رہے۔