اس ملک میں پولیس اہلکار کی جان سے زیادہ گائے کی موت کو اہمیت: نصیرالدین شاہ

03:52PM Thu 20 Dec, 2018

فلم اداکار نصیرالدین شاہ نے بلند شہر تشدد پر متنازعہ بیان دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک میں پولیس آفیسر کی موت سے زیادہ اہمیت گائے کی ہے۔ بتا دیں کہ اسی مہینے 3 دسمبر کو بلند شہر تشدد میں پولیس انسپکٹر سبودھ کمار سنگھ کو ہجوم نے موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔ یہ پورا تنازعہ گئوکشی سے جڑا ہے۔ ایک ویب سائٹ سے بات چیت کرتے ہوئے نصیر الدین شاہ نے کہا، '' ہم نے بلند شہر تشدد میں دیکھا کہ آج ملک میں ایک گائے کی موت کی اہمیت پولیس آفیسر کی جان سے زیادہ ہوتی ہے‘‘۔
 شاہ نے یہ بھی کہا کہ ان دنوں سماج میں چاروں طرف زہر پھیل گیا ہے۔ انہوں نے کہا، '' مجھے اس بات کا ڈر ہے کہ اگر کہیں میرے بچوں کو ہجوم نے گھیر لیا اور ان سے پوچھا جائے کہ تم ہندو ہو یا مسلمان؟ میرے بچوں کے پاس اس کا کوئی جواب نہیں ہو گا۔ پورے سماج میں زہر پہلے ہی پھیل چکا ہے‘‘۔
حال ہی میں نصیرالدین شاہ نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی کی سوشل میڈیا کے ذریعہ تنقید کی تھی۔ انہوں نے فیس بک پر لکھا، "وراٹ کوہلی نہ صرف دنیا کے بہترین بلے باز ہیں بلکہ سب سے بدتمیز کھلاڑی بھی ہیں۔ کرکٹ میں ان کی صلاحیت ان کے گھمنڈ اور برے رویہ کے آگے پھیکی پڑ جاتی ہے۔ اور میرا اس ملک کو چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے‘‘۔