معتدل اسلام کی راہ پر سعودی عرب ! خواتین کی ملازمت اور مخلوط اجتماعات کے حامی ہیں نئے وزیر مذہبی امور

09:39AM Mon 4 Jun, 2018

ریاض : سعودی فرماں شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ہفتے کو جاری کردہ ایک شاہی فرمان کے ذریعے ڈاکٹر شیخ عبداللطیف بن عبدالعزیز بن عبدالرحمان آل الشیخ کو مذہبی امور کا وزیر مقرر کیا ہے۔ڈاکٹر آل الشیخ اس سے پہلے سعودی عرب میں مختلف محکموں میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔وہ اسلامی فقہ میں مہارت کی شہرت رکھتے ہیں۔ عبدالرحمان ال الشیخ ایک انتہائی اعتدال پسند عالم دین سمجھے جاتے ہیں۔ وہ خواتین کی ملازمت کے اور مخلوط اجتماعات کے حامی بھی ہیں۔تجزیہ کاروں کے مطابق عبدالرحمان کی تعیناتی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے اصلاحاتی پروگرام کی روشنی میں کی گئی ہے۔ وہ بارہا کہہ چکے ہیں کہ سعودی عرب میں اعتدال پسند اسلام کو فروغ دینا اُن کی بنیادی کوشش ہو گی۔
قابل ذکر ہے کہ نئے وزیر پہلے ہی اپنے بعض انٹرویو ز میں یہ واضح کر چکے ہیں کہ بعض شرائط کے ساتھ اور حدود قیود کے ساتھ مخلوط اجتماعات کی اجازت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلامی شریعت مخلوط اجتما ع پر مکمل پابندی عاید نہیں کرتی ہے بلکہ وہ مرد وعورت کے آزادانہ اختلاط پر پابندیاں عاید کرتی ہے۔نہی نہیں آل شیخ خواتین کی ضروریات کی اشیاء والے اسٹورز میں خواتین ہی کے کا م کرنے کے بھی مؤید رہے ہیں۔انھوں نے سعودی خواتین کی اس شعبے میں کام کرنے کی حوصلہ افزائی کی تھی تاکہ صارف خواتین اپنی ضرورت کی اشیاء دکان دار خواتین سے کسی ہچکچاہٹ کے بغیر خرید کرسکیں۔