جیش محمد سے تعلق ہونے کے الزام میں گرفتار کئے گئے مسلم نوجوانوں میں سے چار رہا
04:44AM Sun 8 May, 2016
نئی دہلی ۔ دہلی پولیس نے دہشت گردی کے الزام میں گرفتار کئے گئے13مسلم نوجوانوں میں سے چار مسلم نوجوانوں کو رہا کر دیا ۔ ان نوجوانوں پرجیش محمد سے تعلق کا الزام تھا اور ثبوتوں کی ناکافی کی وجہ سے انہیں رہا کر دیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ تحقیقات کرنے والے حکام کی طرف سے کی گئی تفتیش میں واضح ثبوت نہیں ملنے کی وجہ سے انہیں تین دن بعد رہا کر دیا گیا۔ ان تمام افراد کو 4 مئی کو حراست میں لیا گیا تھا اور دارالحکومت میں ایک بڑے دہشت گردانہ واقعے کو ناکام کرنے کا دعوی کیا گیا تھا لیکن پولس اس دعوی کو ثابت نہیں کر پائی جس کے باعث انہیں رہائی حاصل ہو پائی۔
گرفتار کئے گئے چار مسلم نوجوانوں میں سے تین افراد کا تعلق مشرقی دہلی کے چاند باغ علاقے سے ہے جبکہ ایک نوجوان کا تعلق غازی آباد کے لوني علاقے سے ہے۔ ان تمام افراد کو آج شام اسپیشل سیل کے لودھی کالونی دفتر سے رہا کیا گیا۔ چار مئی کو سینئر پولیس افسران نے نامہ نگاروں کو بتایا تھا کہ جیش محمد کے تین مبینہ دہشت گردوں ساجد، شاکر اور سمیر احمد کو دہلی اور اتر پردیش سے حراست میں لیا گیا۔ ان کی رہائی لودھی کالونی پولیس اسٹیشن سے ڈپٹی کمشنر آف پولس کی موجودگی میں عمل میں آئی ۔